ذکر انڈے کھانے کا

0 1,379

ہمارا ماننا ہے کہ محققین کا کام اعتراض سے شروع ہوتا ہے۔ فلاں نے جو کہا وہ غلط تھا، فلاں ابن فلاں نے جو کہا وہ مفروضہ تھا، وغیرہ وغیرہ۔ یہی وجہ ہے کہ ماضی کی تمام باتوں پر کثرت سے اعتراضات وارد ہوتے ہیں۔

اس تمہید کی ضرورت یوں پیش آئی کہ ہمیں ایک نظم یاد آئی جو کئی برس پہلے بچوں میں کافی مقبول تھے۔ اس کے جملے کچھ یوں تھے:

آئے گی پولیس
لے جائے گی تھانے
مارے گی کوڑے
کھائیں گے پکوڑے

چونکہ یہ نظم کسی کتاب میں منقول نہیں اور نسل در نسل سینہ بہ سینہ منتقل ہوتی رہی ہے؛ اس لیے، ہم جیسے کسی محقق کی جانب سے اس پر کسی بھی طرح کا اعتراض کیا جاسکتا ہے۔ مثلاً یہی کہ حال ہی میں ایک قدیم نسخہ (یا سینہ) دریافت ہوا ہے جس کے تحت آخری دو جملے یوں ہیں:

مارے گی ڈنڈے
کھائیں گے انڈے

دلیل اس کی یہ ہے کہ کوڑے پڑنے کی روایت ہمارے ملک میں قریب قریب متروک ہوچکی ہے۔ بلکہ کوڑوں سے کچھ ایسی یادیں وابستہ ہیں کہ ہولوکاسٹ کی طرح ان کے ذکر ہی پر پابندی عائد ہوجانی چاہیے۔ البتہ ڈنڈے مارے جانے کی تاریخ بے حد قدیم ہے اور تاحال یہ قبیح/مفید رسم جاری ہے۔

دوسرا نکتہ یہ ہے کہ پکوڑوں کی نسبت انڈے کھانے کی تشریح تفصیلاً کی جاسکتی ہے اور استعارے کے باعث کئی معانی اخذ کیے جاسکتے ہیں۔ مثلاً لفظی معانی میں انڈے وہ ہیں جو تل کر کھائے جاتے ہیں اور استعارے میں انڈے وہ ہیں جو امتحانی کاپی پر کھائے جاتے ہیں۔

اسی طرح ایک انڈے وہ ہیں جن کی پاکستانی کرکٹ ٹیم شوقین نظر آ رہی ہے۔ شارجہ میں جاری پاکستان بمقابلہ ویسٹ انڈیز ٹیسٹ سیریز کے آخری میچ میں انڈوں کی یہ چاہت سینئر بلے بازوں میں جوبن پر نظر آئی۔ پہلی اننگز میں اظہر علی اور اسد شفیق نے انڈے کھائے (یعنی صفر پر لوٹے) اور دوسری اننگز میں اسد شفیق اور یونس خان نے انڈوں سے لطف اٹھایا۔ اسد شفیق مستقل مزاجی میں بہرحال بازی لے گئے جنھوں نے دونوں اننگز میں اپنا ناشتا ایک ہی رکھا ہے۔

دھمکی تو ہم نہیں دیتے لیکن خبردار ضرور کیے دیتے ہیں کہ نظم کے حالیہ دریافت شدہ نسخے میں اگرچہ پہلے ڈنڈے پڑنے اور پھر انڈے کھانے کا ذکر ہے؛ لیکن صاحبان، آپ کی کارکردگی ایسی ہی رہی تو عین ممکن ہے کہ ایک نسخہ راجا داہر کے زمانے کا دریافت ہوجائے جس میں لکھا ہو کہ اگر آپ

کھائیں گے انڈے
تو پڑیں گے ڈنڈے

اسی لیے، حفظِ ماتقدم کے طور پر عرض ہے کہ مزید انڈے کھانے سے گریز کیجیے اور میچ جیت کر ویسٹ انڈیز کو شتر مرغ جیسا بڑا انڈا دینے کی تیاری کیجیے۔

Azhar-Ali