اسٹین زخمی، جنوبی افریقہ کو بڑا دھچکا

0 1,042

پرتھ میں جاری ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ مقابلے میں واپس آنے ہی لگا تھا کہ اس کو ایک ناقابل تلافی دھچکا سہنا پڑا ہے۔ اسٹرائیک باؤلر ڈیل اسٹین کندھے کی تکلیف لوٹ آنے کی وجہ سے مقابلے سے باہر ہوگئے ہیں۔ انہیں فوری طور پر ہسپتال بھیج دیا گیا ہے اور خطرہ ہے کہ وہ سیریز کے باقی مقابلے بھی نہیں کھیل سکیں گے۔

دوسرے روز کے کھیل میں کھانے کے وقفے سے پہلے اسٹین کو کندھے میں تکلیف شروع ہوئی اور کچھ دیر بعد انہیں اپنا کندھا پکڑے میدان سے باہر جاتے ہوئے دیکھا گیا۔ البتہ جانے سے پہلے وہ جنوبی افریقہ کو بہت اہم کامیابی دے گئے جب انہوں نے ڈیوڈ وارنر کو آؤٹ کرکے 158 رنز کی اوپننگ شراکت داری کا خاتمہ کیا۔ اسٹین نے 12.4 اوورز میں 51 رنز دے کر صرف ایک وکٹ حاصل کی، جو ہرگز ان کے شایان شان کارکردگی نہیں ہے۔

33 سالہ اسٹین کو گزشتہ سال دسمبر میں کندھے کی انجری ہوئی تھی، جس کی وجہ سے وہ انگلستان کے خلاف سیریز بھی نہيں کھیل پائے تھے۔ 85 ٹیسٹ میچز میں 417 وکٹیں لینے والے اسٹین کو جنوبی افریقہ کے لیے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والا گیند باز بننے کے لیے صرف 4 مزید شکار درکار ہیں۔