قائد اعظم ٹرافی میں آصف ذاکر کی ڈبل سنچری

0 1,123

قائم اعظم ٹرافی کے ایک مقابلے میں سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کے آصف ذاکر نے واپڈا کے خلاف میچ میں ناقابلِ شکست رہتے ہوئے 200 رنز بنائے ہیں۔ آصف ذاکر کی ڈبل سنچری کی بدولت سوئی گیس کی ٹیم نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 529 رنز بناکر اننگز ڈکلیئر کی۔

جناح اسٹیڈیم، سیالکوٹ میں جاری چار روزہ میچ کے پہلے دن سوئی گیس کی ٹیم پہلے ہی دن 77 رنز پر تین وکٹوں سے محروم ہوچکی تھی۔ تاہم آصف ذاکر اور کپتان فواد عالم نے اس صورتحال کو سنبھالا۔ فواد صرف آٹھ رنز کی کمی کے باعث سنچری سے محروم رہے، تاہم آصف جمے رہے۔ فواد کے بعد سیف اللہ بنگش نے 54 رنز اور آل راؤنڈر یاسر عرفات نے 60 رنز کی اننگز کھیل کر آصف کا ساتھ دیا۔ کراچی سے تعلق رکھنے والے 33 سالہ آصف نے ڈبل سنچری تک پہنچنے کے لیے 23 چوکے اور تین چھکوں کی مدد لی۔

آصف ذاکر 118 فرسٹ کلاس میچوں میں 18 سنچریاں اور 29 نصف سنچریاں بناچکے ہیں۔ واضح رہے کہ یہ اسکور ان کے فرسٹ کلاس کیریئر کا بہترین اسکور نہیں ہے۔ آصف اس سے قبل ناقابلِ شکست رہتے ہوئے 219 رنز کی اننگز بھی کھیل چکے ہیں۔

529 رنز کے تعاقب میں واپڈا کی ٹیم 332 رنز رنز پر ڈھیر ہوگئی اور فالو-آن کا شکار ہوچکی ہے۔

آصف ذاکر کی ایک پرانی تصویر (تصویر: PCB)
آصف ذاکر کی ایک پرانی تصویر (تصویر: PCB)