نیوزی لینڈ میں شدید زلزلہ، پاکستانی ٹیمیں محفوظ

0 1,029

نیوزی لینڈ کے جنوبی جزیرے میں ایک شدید زلزلے نے تقریباً پورے ملک کر ہلا کر رکھ دیا ہے، جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7.4 ریکارڈ کی گئی ہے۔ پاکستان کے مردوں اور خواتین دونوں کی کرکٹ ٹیمیں اس وقت نیوزی لینڈ میں موجود ہیں اور دونوں بخیر و عافیت ہیں۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز کرائسٹ چرچ سے 95 کلومیٹر دور تھا۔ اس شہر میں 2011ء میں ایک بڑا زلزلہ آیا تھا جس نے مرکزی علاقے کو تباہ کر کے رکھ دیا تھا۔ ایک طرف جہاں 185 افراد کی جانیں ضائع ہوئیں وہیں کرائسٹ چرچ کا خوبصورت کرکٹ اسٹیڈیم لنکاسٹر پارک تباہ ہو گیا تھا۔ اس میدان پر ہونے والا آخری مقابلہ جنوری 2011ء میں پاکستان نے ہی کھیلا تھا جو ایک ون ڈے تھا۔ اس وقت سے یہ میدان آج تک ویران پڑا ہے اور اس کی محض یادیں ہی رہ گئی ہیں۔ اب کرائسٹ چرچ میں ہونے والے مقابلے ہیگلی اوول میں کھیلے جاتے ہیں جو صرف نصف گنجائش رکھتا ہے اور ویسی شاندار عمارت کا حامل نہیں۔

تازہ ترین زلزلہ مقامی وقت کے مطابق رات ساڑھے 11 بجے آیا، اور اس کے جھٹکے ملک کے کئی حصوں میں محسوس کیے گئے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم اس وقت نیلسن میں مقیم تھی جہاں وہ سہ روز ٹور میچ کھیلنے گئی تھی لیکن وہ بارش کی نذر ہوگیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے بعد کھلاڑیوں کو ہوٹل سے نکال لیا گیا تھا وہ اگلے ایک، دو گھنٹے باہر قیام کرنے کے بعد عمارت میں واپس آئے۔

واضح رہے کہ پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم بھی اس وقت نیوزی لینڈ میں ہے جس نے آج اپنا آخری ایک روزہ کرائسٹ چرچ کے نواح میں لنکن میں کھیلا اور شکست کھائی۔ زلزلے میں خواتین کرکٹ ٹیم بھی مکمل محفوظ ہے البتہ کھلاڑی سخت خوفزدہ ہیں۔

Lancaster-Park