پہلا ٹیسٹ رن، عمران خان کا عالمی ریکارڈ

0 1,166

پاکستان کے عمران خان کو ایک تو یہ اعزاز حاصل ہے کہ جس مقابلے میں وہ کھیلے ہیں، پاکستان وہ کبھی نہیں ہارا لیکن آج انہوں نے ایک عالمی ریکارڈ میں بھی اپنا نام لکھوا لیا۔ وہ اپنا پہلا ٹیسٹ رن بنانے کے لیے سب سے طویل انتظار کرنے والے بلے باز بن گئے ہیں۔

نیوزی لینڈ کے خلاف ہیملٹن میں جاری دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن عمران خان اس وقت بلے بازی کے لیے میدان میں آئے جب محمد عامر کی صورت میں پاکستان کی نویں وکٹ گر چکی تھی۔ بابر اعظم دوسرے کنارے پر جمے ہوئے تھے اور انہیں سنچری تک پہنچانا ہدف تھا۔ لیکن مسئلہ یہ تھا کہ عمران خان کے کیریئر میں ایک بھی رن موجود نہیں تھا۔ 7 ٹیسٹ میچز میں کھیلی گئي چار اننگز میں انہیں صرف 10 گیندیں کھیلنے کا موقع ملا اور وہ کبھی ان پر رن نہیں بنا سکے۔ دو مرتبہ صفر پر ناٹ آؤٹ رہے۔ وہ کیسے بلے باز ہیں، فرسٹ کلاس کیریئر بھی اس کی گواہی دیتا ہے۔ 76 میچز میں صرف 7.92 کے اوسط کے ساتھ 523 رنز، جس میں 29 رنز ان کی بہترین اننگز ہے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ بابر اعظم 90 رنز پر ناٹ آؤٹ ہی رہ گئے اور اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری نہ بنا سکے لیکن عمران خان نے بالآخر اپنے نویں ٹیسٹ میں پہلا رن بنا ہی لیا۔

اس سے پہلے اپنا پہلا ٹیسٹ رن بنانے کے لیے طویل انتظار 4 مقابلوں کا تھا جو 12 کھلاڑیوں نے کیا۔ اب عمران خان نے دوگنے سے بھی زیادہ مارجن کے ذریعے اس ریکارڈ کو توڑ دیا ہے۔ ٹم ساؤتھی کی ایک گیند ان کے بلے کا کنارہ لیتی ہوئی گلی کی طرف نکل گئی جہاں انہوں نے دو رن لیے۔ اس موقع پر پاکستانی پویلین سے ان کے لیے تالیاں بھی بجیں، جس پر عمران خان نہ صرف مسکرائے بلکہ بلّا اٹھا کر اس داد کا جواب بھی دیا۔

بعد میں عمران نے "پورے" چھ رنز بنائے اور پاکستان کی گرنے والی آخری وکٹ بھی بنے۔ پاکستان 216 رنز پر آل آؤٹ ہوا اور جو صرف 51 رنز پر پانچ وکٹیں گرنے کے بعد اچھی ریکوری کہی جا سکتی ہے، جس کا سہرا بابر اعظم کے سر باندھا جانا چاہیے۔

پاکستان کی مقابلے میں واپسی کی کوششوں کو آخری لمحات میں بارش کی وجہ سے رکنا پڑا۔ نیوزی لینڈ کی دوسری اننگز میں صرف ایک ہی گیند پھینکی جا سکی تھی کہ بارش ہوگئی اور یوں تیسرے دن کا کھیل اپنے اختتام کو پہنچا۔ لیکن عمران خان کا بیٹ اٹھا کر داد وصول کرنا امر ہوگیا۔

وڈیو بشکریہ کرکٹ آسٹریلیا