فیصل بینک سپر 8 ٹی ٹوئنٹی: لائنز نے لیپرڈز کو بھی ٹھکانے لگادیا؛ سیمی فائنل کی جانب پیش قدمی

1 1,039

فیصل بینک سپر 8 ٹی ٹوئنٹی کی دفائی چیمپئین لاہور لائنز نے دوسرے میچ میں اسلام آباد لیپرڈز کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ حاصل کرنے کے امکانات کو مزید قوی کرلیا ہے. ایک نسبتاَ کم اسکورنگ میچ کے باوجود لاہور لائنز کی ٹیم نے جس انداز اور حکمت عملی سے میچ پر اپنی گرفت رکھی وہ اس کے چیمپئن ہونے کی واضح دلیل ہے.

لاہور لائنز نے ٹاس جیت کر پہلے خود بلے بازی کا فیصلہ کیا تاہم اوپنر بلے باز متاثر کن کھیل پیش نہ کرسکے. لائنز کا اسکور 20 تک پہنچا تو احمد شہزاد (5) اور ناصر جمشید (9) پویلین سدھار چکے تھے. یہ دونوں کامیابیاں لیپرڈز کے گیند باز نصراللہ نے حاصل کیں. بعد ازاں تجربکار کامران اکمل اور محمد یوسف نے بہتر کھیل پیش کرتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھانا شروع کیا. 67 کے مجموعی اسکور پر کپتان محمد یوسف (18) پویلین لوٹے تو عمر اکمل نے میدان میں قدم رکھا. اکمل برادران نے بھی برق رفتاری سے اسکور کو آگے بڑھانے کی کوشش کی تاہم افتخار انجم نے عمر اکمل (20) کو 99 کے مجموعہ پر میدان بدر کر کے اس شراکت داری کا خاتمہ کیا. ایک اینڈ پر جمے کامران اکمل کو رخصت کرنے کے لیے لیپرڈز کے سب سے کامیاب گیند باز نصراللہ کو موقع دیا گیا جنہوں نے اس بھروسہ کا جواب کامران اکمل کو میدان بدر کر کے دیا. کامران اکمل نے 37 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 44 رنز بنائے. بعد ازاں عمران علی کے برق رفتار 27 رنز کی بدولت لائنز کی ٹیم 148 رنز کا قابل دفاع مجموعہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی.

ہدف کا تعاقب کرنے والے لیپرڈز کو لائنز کے گیند بازوں خصوصاَ عماد علی اور عمران علی نے پریشان کیا. لیپرڈز کو پہلا نقصان عماد علی، دوسرا عمران علی اور تیسرا عماد کے ہاتھوں اٹھانا پڑا. 37 کے مجموعہ پر 3 کھلاڑیوں کی پویلین واپسی کے بعد لیپرڈز کی ہمت جواب دے گئی اور ان کے بلے باز یکے بعد دیگرے پویلین لوٹتے گئے. ایک جانب لیپرڈز کی وکٹیں گررہی تھیں تو دوسری جانب شان مسعود ایک اینڈ سنبھالے تن تنہا لائنز کا مقابلہ کرنے کے سرگرداں تھے تاہم نویں وکٹ گرنے کے بعد درکار رن ریٹ میں اضافے کے باعث انہوں نے بھی کھل کر اسٹروک لگائے اور 19 ویں اوور میں اعزاز چیمہ کی گیند پر کامران اکمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے. پویلین واپسی سے قبل وہ 2 چوکے اور 2 چھکے رسید کرتے ہوئے 32 رنز بنا کر ٹیم کے مجموعی اسکور کو 105 تک پہنچا سکے.

لائنز کی جانب سے عمران علی نے بہترین گیند بازی کرتے ہوئے 3 اوورز میں صرف 10 دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا. بلے بازی میں ناقابل شکست اننگ اور گیند بازی میں بھی کمال دکھانے پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا.

لاہور لائنز نے اس میچ میں فتح کے ساتھ سیمی فائنل تک رسائی کی راہ ہموار کرلی ہے تاہم گروپ کی دیگر دو ٹیموں سیالکوٹ اسٹالینز اور حیدرآباد ہاکس کی غیر معمولی کارکردگی سیمی فائنل پر اثر انداز ہوسکتی ہے. دوسری جانب اسلام آباد لیپرڈز کی ٹیم دونوں میچ ہار کر ٹورنامنٹ سے باہر ہوچکی ہے. اب لیپرڈز کی ٹیم 29 جون کو اسٹالینز کے مدمقابل آئے گی جو لیپرڈز کے لیے تو ایک نمائشی میچ ہوگا لیکن اسٹالینز کے لیے یہ میچ بہت اہمیت کا حامل ہے. لائنز کی ٹیم بھی اسی روز ہاکس سے مقابلے کے لیے میدان میں اترے گی.

لاہور لائنز بمقابلہ اسلام آباد لیپرڈز (27 جون 2011ء) اسکور کارڈ
نتیجہ: لاہور لائنز 43 رنز سے فتحیاب
پوائنٹس: لاہور لائنز 2؛ اسلام آباد لیپرڈز: 0

لاہور لائنز رنز گیندیں چوکے چھکے
احمد شہزاد ک افتکار انجم ب نصراللہ خان 5 6 1 0
ناصر جمشید ب نصراللہ خان 9 6 2 0
کامران اکمل ایل بی ڈبلیو نصراللہ خان 44 37 6 0
محمد یوسف ب زوہیب احمد 18 14 3 0
عمر اکمل ایل بی ڈبلیو ب افتخار انجم 20 17 3 0
سعد نسیم رن آؤٹ (عماد وسیم) 0 2 0 0
محمد وحید ک زیشان مشتاق ب افتخار انجم 3 8 0 0
عدنان رسول ک نعیم انجم ب سعد الطاف 0 2 0 0
عمران علی ناٹ آؤٹ 27 19 3 1
عماد علی ک آفاق رحیم ب عماد وسیم 13 10 0 1
اعزاز چیمہ ناٹ آؤٹ 0 0 0 0
فاضل رنز (3 لیگ بائے، 4 وائڈز، 2 نوبالز) 9
مجموعہ 20 اوورز؛ 9 کلاڑی آؤٹ 148
اسلام آباد لیپرڈز اوورز میڈن رنز وکٹ
افتخار انجم 4 0 32 2
نصراللہ خان 4 0 25 3
سعد الطاف 4 0 28 1
زوہیب احمد 4 0 35 1
عماد وسیم 4 0 25 1
اسلام آباد لیپرڈز رنز گیندیں چوکے چھکے
راحیل مجید ک اور ب عمران علی 8 12 1 0
عمیر خان ک کامران اکمل ب عماد علی 8 8 1 0
آفاق رحیم ک کامران اکمل ب عماد علی 12 13 2 0
شان مسعود ک کامران اکمل ب اعزاز چیمہ 32 34 2 2
زوہیب احمد ب عمران علی 4 5 1 0
زیشان مشتاق ایل بی ڈبلیو عمران علی 1 6 0 0
نعیم انجم ک عمر اکمل ب سعد نسیم 14 14 1 0
عماد وسیم ب سعد نسیم 5 11 0 0
افتخار انجم ب عدنان رسول 0 2 0 0
نصراللہ خان اسٹمپ کامران اکمل ب عدنان رسول 0 3 0 0
سعد الطاف ناٹ آؤٹ 9 5 2 0
فاضل رنز (3 لیگ بائے؛ 9 وائڈز) 12
مجموعہ 18.5 اوورز؛ تمام کھلاڑی آؤٹ 105
لاہور لائنز اوورز میڈن رنز وکٹ
اعزاز چیمہ 3.5 0 18 1
عماد علی 4 0 22 2
عمران علی 3 0 10 3
سعد نسیم 4 0 25 2
عدنان رسول 4 0 27 2