پاکستان ٹیم میلبورن پہنچ گئی؛ باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں زبردست مقابلے کے لیے پر عزم

0 1,193

آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے پہلے مقابلے میں پاکستان کو اگرچہ کامیابی حاصل نہ ہوسکی، لیکن شائقینِ کرکٹ کو ایک دلچسپ مقابلہ ضرور دیکھنے کو ملا۔ چنانچہ اب تمام تر نظریں میلبورن کے کرکٹ گراؤنڈ ہونے والے اگلے "باکسنگ ڈے ٹیسٹ" پر مرکوز ہوچکی ہیں۔

گو کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے قائد مصباح الحق اگلے مقابلے میں زبردست کارکردگی کے لیے پرعزم ہیں تاہم ماضی پر نظر دوڑائیں تو میلبورن کا میدان پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے زیادہ سازگار ثابت نہیں ہوسکا ہے۔ یہاں گرین شرٹس نے آسٹریلیا کے خلاف 9 ٹیسٹ مقابلوں میں صرف 2 میں فتح حاصل کی جبکہ 5 مقابلوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور دو مقابلے بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے۔

میلبورن میں پاکستان ٹیم نے پہلی فتح مارچ 1979 میں مشتاق محمد کی قیادت میں حاصل کی جبکہ دوسری مرتبہ قومی ٹیم کو دسمبر 1981 میں جاوید میانداد کی قیادت میں جیت نصیب ہوئی۔

اس مرتبہ پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں 7 سال بعد میلبورن کے میدان میں آمنے سامنے ہوں گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اس میدان میں آخری میچ 26 دسمبر 2009 کو کھیلا گیا تھا اور اب باکسنگ ڈے یعنی 26 دسمبر 2016 کو ایک بار پھر دونوں ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔ 2009ء میں محمد یوسف کی قیادت میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کو آسٹریلیا کے ہاتھوں 170 رنز کے بڑے فرق سے مات ہوئی تھی۔

آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان میلبورن میں کھیلے گئے مقابلوں کی تفصیل:

تاریخ ٹاس جیتنے والی ٹیم میچ جیتنے والی ٹیم جیت کا فرق
4 دسمبر 1964 آسٹریلیا کوئی نہیں -
29 دسبر 1972 آسٹریلیا آسٹریلیا 92 رنز
1 جنوری 1977 آسٹریلیا آسٹریلیا 348 رنز
10 مارچ 1979 آسٹریلیا پاکستان 71 رنز
11 دسمبر 1981 پاکستان پاکستان اننگز اور 82 رنز
26 دسمبر 1983 پاکستان کوئی نہیں
12 جنوری 1990 پاکستان آسٹریلیا 92 رنز
26 دسمبر 2004 پاکستان آسٹریلیا 9 وکٹس
26 دسمبر 2009 آسٹریلیا آسٹریلیا 170 رنز

pak team reach