فیصل بینک سپر 8 ٹی ٹوئنٹی: ڈولفنز نے وولفز کو روند کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی

1 1,020

کراچی ڈولفنز نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے وولفز کو ایک بڑے مارجن سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے نکال باہر کیا. فیصل بینک سپر 8 ٹی ٹوئنٹی کے میزبان شہر کی ٹیم فیصل آباد وولفز اس ٹورنامنٹ میں انتہائی ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرتی رہی جس کا خمیازہ اسے سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوجانے کی صورت میں بھگتنا پڑا. اس سے قبل وولفز کی ٹیم نے ریمز کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کا گھاؤ برداشت کیا تاہم ڈولفنز کے سامنے تو وولفز کا پورا قافلہ پانی بھرتا نظر آیا.

فیصل آباد وولفز کے کپتان مصباح الحق کے بولڈ ہونے کا منظر۔ انہیں کراچی ڈولفنز کے سہیل خان نے آؤٹ کیا۔ (تصویر: پی سی بی)

کراچی ڈولفنز کی جانب سے اسد شفیق اور شاہ زیب حسن نے اننگ کا آغاز کیا اور محض 40 گیندوں پر 90 رنز کی شاندار شراکت قائم کر کے وولفز گیند بازوں کے اوسان خطا کردیے. اس دوران شاہ زیب حسن نے شعلہ فشاں اننگ کھیلتے ہوئے 28 گیندوں پر 4 بلند و بالا چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 69 رنز بنائے. دوسرے اینڈ پر موجود اسد شفیق نے ایک اینڈ سنبھال کر ساتھی کھلاڑیوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع فراہم کیا. شاہ زیب حسن اور اسد شفیق (27) کی رخصتی کے بعد خالد لطیف نے اپنے بلے سے وولفز پر لاٹھی چارج کیا. خالد لطیف نے 5 چھکوں اور 1 چوکے کی مدد سے صرف 26 گیندوں پر 46 رنز کی برق رفتار اننگ کھیلی. ابتدائی بلے بازوں کی اس شاندار کارکردگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ڈولفنز مقررہ 20 اوورز میں 231 کا پہاڑ جیسا مجموعہ اکھٹا کرنے میں کامیاب ہوئی.

جواب میں فیصل آباد وولفز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا. 15 کے مجموعی اسکور پر آصف حسین (0) اور 19 پر آصف علی (16) کی رخصتی کے بعد محمد حفیظ (16) اور مصباح الحق (17) نے مزاحمت کی کوشش کی تاہم ڈولفنز کی مضبوط گرفت سے چھٹکارا پانے میں ناکام رہے. بعد ازاں نوید لطیف نے تیز اننگ کھیلی لیکن وہ بھی صرف 20 رنز ہی بنا سکے. وولفز کی جانب سے دیگر کوئی بلے باز قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہا اور وولفز کا پورا قافلہ 13.3 اوور میں صرف 107 پر ہی ڈھیر ہوگیا. ڈولفنز کی جانب سے حارث ایاز اور سہیل خان نے بہترین گیند بازی کرتے ہوئے 3، 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی.

کراچی ڈولفنز کے شاہ زیب حسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا. فیصل آباد کی جانب سے سعادت منیر نے ٹی ٹوئنٹی طرز کرکٹ میں اپنے کیرئیر کا آغاز کیا.

ڈولفنز کے ہاتھوں وولفز کی 124 رنز سے شکست نہ صرف فیصل بینک ٹی ٹوئنٹی مقابلوں بلکہ پاکستان بھر کی مقامی کرکٹ میں رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی شکست ہے. ڈولفنز نے اس فتح کے ساتھ ہی سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی کرلی ہے اور اب اس کا آئندہ مقابلہ دوسرے سیمی فائنل میں 30 جون کو گروپ اے کے دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم سے ہوگا.

کراچی ڈولفنز بمقابلہ فیصل آباد وولفز
(28 جون 2011ء)
نتیجہ: کراچی ڈولفنز 124 رنز سے فتحیاب
پوائنٹس: کراچی ڈولفنز: 2؛ فیصل آباد وولفز: 0

کراچی ڈولفنز رنز گیندیں چوکے چھکے
اسد شفیق ک ظہور خان ب سعادت منیر 27 22 3 1
شاہ ذیب حسن ک مصباح الحق ب سعادت منیر 69 28 8 4
خالد لطیف ک حسن محمود ب محمد حفیظ 46 26 1 5
فواد عالم ک اور ب خرم شہزاد 16 12 0 0
رمیز راجہ ک خرم شہزاد ب محمد حفیظ 8 5 1 0
سرفراز احمد ناٹ آؤٹ 17 12 1 1
تنویر احمد رن آؤٹ (محمد حفیظ / محمد سلمان) 0 1 0 0
محمد سمیع ک نوید لطیف ب خرم شہزاد 18 7 1 2
حارث ایاز ناٹ آؤٹ 18 7 4 0
فاضل رنز (1 بائے، 1 لیگ بائے، 10 وائڈز) 12
مجموعہ 20 اوورز؛ 7 کھلاڑی آؤٹ 231
فیصل آباد وولفز اوورز میڈن رنز وکٹ
محمد طلحہ 3 0 48 0
ظہور خان 3 0 38 0
سعادت منیر 4 0 31 2
محمد حفیظ 4 0 30 2
حسن محمود 4 0 61 0
خرم شہزاد 2 0 21 2
فیصل آباد وولفز رنز گیندیں چوکے چھکے
آصف علی ک اعظم حسین ب سہیل خان 16 10 2 1
آصف حسین ک تنویر احمد ب سہیل خان 0 3 0 0
محمد حفیظ ک فواد عالم ب تنویر احمد 16 7 3 0
مصباح الحق ب سہیل خان 17 13 3 0
نوید لطیف ک اور ب حارث ایاز 20 11 3 1
خرم شہزاد ک اعظم حسین ب محمد سمیع 12 8 2 0
محمد سلمان ک محمد سمیع ب اعظم حسین 11 14 1 0
محمد طلحہ ک اسد شفیق ب حارث ایاز 6 6 0 1
حسن محمود ک سہیل خان ب حارث ایاز 2 6 0 0
سعادت منیر ب اعظم حسین 0 4 0 0
ظہور خان ناٹ آؤٹ 0 0 0 0
فاضل رنز (2 لیگ بائے، 3 وائڈز، 2 نوبالز) 7
مجموعہ 13.3 اوورز؛ تمام کھلاڑی آؤٹ 107
کراچی ڈولفنز اوورز میڈن رنز وکٹ
تنویر احمد 3 0 32 1
سہیل خان 4 0 32 3
اعظم حسین 1.3 0 10 2
حارث ایاز 3 0 26 3
محمد سمیع 2 0 5 1