اب کھیل جمے گا - پاکستان سپر لیگ 2017 کا نغمہ جاری

0 1,146

hbl-psl-2017-featured

اولمپک ہو یا فیفا عالمی کپ اب خصوصی نغمے کھلیوں کے بڑے ایونٹس کا لازمی حصہ بن چکے ہیں۔ 1992ء کے عالمی کپ کا مقبول گیت "ورلڈ از کمنگ ڈاؤن" تو پاکستانیوں کو اب بھی یاد ہو گا جو طویل عرصے تک زبان زد عام رہا۔

بہرحال اس وقت پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوسرے سیشن کے لئے خصوصی نغمہ کا ذکر ہو رہا ہے۔ پی ایس ایل 2017 کے لیے معروف سنگر علی ظفر کو یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ گزشتہ دنوں پی ایس ایل نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ سے گانے کا کچھ حصہ ریلیز کیا تھا جس سے علم ہوا کہ اس نغمے کا عنوان "اب کھیل جمے گا" رکھا گیا ہے۔ یاد رہے پی ایس ایل کے اولین سیشن کا گیت بھی علی ظفر نے ہی تیار کیا تھا جو خاصا مقبول ہوا۔

اس حوالے سے علی ظفر کہتے ہیں کہ میرے لئے یہ بڑے اعزاز کی بات ہے کہ پہلے سیشن کے بعد دوسرے سیشن کے لئے بھی مجھے منتخب کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پہلے گانے کی بھرپور عوامی ستائش کے بعد مجھ پر ذمہ داری بڑھ گئی ہے کہ اگلی مرتبہ بھی عوام کی توقعات پر پورا اتروں۔ اس لئے میں نے خوب محنت کی اور اسے اس انداز میں تیار کیا کہ گزشتہ سال کی کامیابی کے ساتھ ساتھ یہ بھی بتایا جائے کہ نئے سال میں کیا ہوگا'۔ مجھے امید ہے یہ گیت پی ایس ایل 2017 کے لئے کافی خوشگوار ثابت ہو گا۔