محمد عرفان کی جگہ جنید خان کو طلب کرلیا گیا

0 1,042

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے محمد عرفان کی جگہ پر کرنے کے لیے جنید خان کا انتخاب کیا ہے۔ بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز جنید خان کو ایک روزہ دستے میں شمولیت کے لیے آئندہ روز آسٹریلیا روانہ کردیا جائے گا۔ یاد رہے کہ محمد عرفان کی والدہ آج صبح انتقال کر گئیں تھیں جس کے باعث وہ دورہ آسٹریلیا ادھورا چھوڑ کر وطن واپس لوٹ رہے ہیں۔

2011 میں بین الاقوامی کرکٹ کا آغاز کرنے والے جنید خان پہلی مرتبہ آسٹریلیا کی سرزمین پر گیند بازی کرتے نظر آئیں گے۔ جنید خان اب تک 52 ایک روزہ مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ ان مقابلوں میں انہوں نے 27.52 کی اوسط سے 78 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔ سال 2012 میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی سیریز میں بھی جنید خان بحیثیت تیز گیند باز شامل تھے۔ انہوں نے 2 مقابلوں میں کل 5 کینگروز کھلاڑی شکار کیے تھے۔

جنید خان طویل عرصے تک قومی ٹیم کی نمائندگی سے محروم رہے ہیں۔ وہ کئی مرتبہ منتخب نہ کیے جانے سخت نالاں رہے ہیں۔ حالیہ ڈومیسٹک سیزن اور بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (BPL) میں شاندار کارکردگی دیکھانے کے باوجود سلیکٹرز کی جانب سے نظر انداز کیے جانے پر بھی انہوں نے اپنی نارضاگی کا اظہار کیا تھا۔

آج قومی دستے میں شمولیت کی خبر سامنے آنے کے بعد جنید خان نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہ وہ اپنی محنت کے رنگ لانے پر خدا کا شکر ادا کرتے ہیں۔ جنید خان آسٹریلیا میں موجود دیگر پاکستانی گیند بازوں وہاب ریاض، محمد عامر اور راحت علی کا ساتھ دیں گے۔ اس دستے میں شامل جنید بائیں ہاتھ کے چوتھے گیندباز ہونگے جبکہ دائیں ہاتھ کے واحد تیز گیندباز حسن علی دستے کا حصہ ہیں۔

27 سالہ جنید خان کو تقریباً ڈیڑھ سال بعد ایک روزہ مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کا موقع مل رہا ہے۔ انہوں نے آخری مرتبہ مئی 2015 میں زمبابوے کے خلاف لاہور میں ایک روزہ میچ کھیلا تھا۔ آسٹریلیا کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کی عبرتناک شکست کے بعد جنید کے پاس اپنی صلاحیتوں کو منوانے اور خود کو ٹیم کے لیے فتح مند کھلاڑی ثابت کرنے کا بہترین موقع ہے۔

junaid-khan-pakistan