گمبھیر دورۂ انگلستان کے لیے ٹیم میں شمولیت کے خواہشمند، ٹیم کا اعلان کل ہوگا

1 1,018

ویسٹ انڈیز کے نسبتا غیر اہم دورے سے محض چند روز قبل زخمی ہونے کا بہانہ بنا کر دستبردار ہو جانے والے گوتم گمبھیر اب دورۂ انگلستان کے متمنی دکھائی دیتے ہیں۔

گوتم کی نظریں کیریئر میں پہلی مرتبہ انگلستان کا دورہ کرنے پر مرکوز ہیں

عالمی کپ کے دوران دائیں کندھے کی انجری کے باوجود پورا آئی پی ایل سیزن کھیلنے کے بعد انہوں نے اپنی چوٹ کا بہانہ بنایا اور دورۂ ویسٹ انڈیز میں، جس کے لیے انہیں ایک روزہ دستے کا قائد بھی بنایا گیا تھا، شرکت سے معذوری ظاہر کر دی۔ لیکن اب انگلستان کے اہم دورے کے لیے وہ خود کو مکمل طور پر تیار سمجھ رہے ہیں اور بھارت کے سرکاری خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ وہ جسمانی کے ساتھ ذہنی طور پر بھی تیار ہیں۔

گوتم نے کہا ہے کہ وہ بلے بازی کی مشقیں کر رہے ہیں اور سری سانتھ جیسے تیز گیند بازوں کا سامنا کرتے ہوئے انہیں کندھے میں کسی قسم کی تکلیف نہیں ہو رہی۔ اس لیے وہ ایک دو روز میں بھرپور مشق شروع کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اتنے سخت دورے کا آغاز پہلے ذہنی تیاری سے ہوتا ہے اور میں ذہنی طور پر بالکل مستعد ہوں۔

اگر گوتم کو دورۂ انگلستان کے لیے دستے کا حصہ بنایا گیا تو یہ ان کے کیریئر کا پہلا انگلش دورہ ہوگا۔ 38 ٹیسٹ مقابلوں میں 51.33 کی اوسط سے رنز بنانے والے گوتم نے انگلش خطرے کو بھانپتے ہوئے ان کی طویل بلے بازی اور عالمی معیار کی گیند بازی کی تعریف کی۔

واضح رہے کہ دورۂ انگلستان کے لیے بھارتی دستے کا اعلان کل (2 جولائی بروز ہفتہ) ہونا ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی سلیکشن کمیٹی کا اجلاس چنئی میں منعقد ہوگا۔ بھارتی ٹیم اس وقت ویسٹ انڈیز میں موجود ہے جہاں وہ ٹیسٹ مرحلے کا دوسرا میچ کھیل رہی ہے جس کے بعد اسے صرف تیسرا و آخری ٹیسٹ کھیلنا ہے۔

پہلے مرحلے میں صرف 4 ٹیسٹ میچز کے لیے ٹیم کا اعلان ہوگا جبکہ محدود اوورز کے مرحلے کے لیے بھارتی دستے کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

گوتم گمبھیر سے قبل ماسٹر بلاسٹر سچن ٹنڈولکر، یووراج سنگھ اور سری سانتھ بھی دورے کے لیے دستیابی ظاہر کر چکے ہیں جبکہ اوپنر وریندر سہواگ اور تیز گیند باز ظہیر خان ابھی صحت کی بحالی کے مرحلے سے گزر رہے ہیں تاہم امکان ہے کہ انہیں دستے میں شامل کیا جائے گا۔