عمران طاہر کا جنید جمشید کو منفرد خراج تحسین
"جو دلوں کو فتح کر لے وہی فاتح زمانہ" جنید جمشید کی شخصیت اس پر پوری اترتی تھی۔ وہ جب تک زندہ رہے اپنے دروس اور نعتوں کے علاوہ اپنے پرخلوص رویے سے بھی لوگوں کے دلوں پر راج کرتے رہے اور اب جبکہ وہ اس دنیا میں نہیں تو ہر فرد اپنے اختیار کے مطابق مختلف طریقوں انہیں یاد کرتا رہتا ہے۔
پاکستانی نژاد جنوبی افریقی اسپنر عمران طاہر نے سری لنکا کے خلاف گزشتہ ٹی ٹوئنٹی میں جنید جمشید کو اپنے انداز سے شاندار خراج تحسین پیش کیا اور سب کو حیران کر دیا۔
ہوا کچھ یوں کہ جوہانسبرگ میں سری لنکا جنوبی افریقہ کے مابین دوسرا ٹی ٹونٹی میچ جاری تھا جس کے دوران عمران طاہر نے اپنی گیند پر پر ایسلا گونارتنے کو ایل بی ڈبلیو کردیا۔ ہر وکٹ پر والہانہ جشن منانے والے عمران ایک مرتبہ پھر خوشی سے دوڑ پڑے اور اس دوران اپنی شرٹ اوپر اٹھائی جس کے نیچے دوسری شرٹ پر مرحوم جنید جمشید کی تصویر نمایاں تھی۔ خراج تحسین پیش کرنے کے اس انداز کو شائقین خصوصاً سوشل میڈیا پر خوب سراہا گیا۔
یاد رہے کہ جنید جمشید 7 دسمبر 2016ء کو چترال سے اسلام آباد آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 661 میں سوار تھے جو حویلیاں کے قریب ایک المناک حادثے میں تباہ ہوئی اور جنید جمشید، ان کی اہلیہ سمیت 47 افراد لقمہ اجل بن گئے۔