آندرے رسل پر پابندی؛ اسلام آباد یونائیٹڈ کو بڑا دھچکا
ویسٹ انڈیز کے اہم کھلاڑی آندرے رسل پر اینٹی ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی کی پاداش میں ایک سال کی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ 28 سالہ آندرے پر پابندی کا اطلاق 31 جنوری 2017 سے ہوگا۔ آندرے دو مرتبہ ٹی ٹونٹی عالمی کپ جیتنے والے کیریبئن دستے کے اہم کھلاڑی تھے۔ یوں اس پابندی سے جہاں ویسٹ انڈیز کو ایک بڑا نقصان ہوا ہے وہیں یہ خبر اسلام آباد یونائیٹڈ کے لئے بھی کسی بڑے دھچکے سے کم نہیں۔
پاکستان سپر لیگ کے پہلے سیزن میں آندرے رسل نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کی اور ٹورنامنٹ کی فتوحات میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ دوسرے سیزن میں کھلاڑیوں کا انتخاب کرتے ہوئے مصباح الحق نے آندرے رسل پر اپنا اعتمادد برقرار رکھا۔ تاہم اب آندرے رسل اس پابندی کے باعث کسی بھی قسم کی کرکٹ کھیلنے سے محروم ہوچکے ہیں۔
آندرے رسل کو ڈوپ ٹیسٹ کے تین مرتبہ طلب کیا گیا تاہم انہوں نے اس بلاوے پر کان نہ دھرے۔ عالمی ڈوپنگ قوانین کے مطابق اگر کھلاڑی 12 ماہ کے عرصے میں تین بار بلانے پر بھی ٹیسٹ کروانے نہ آئے تو اسے ڈوپ ٹیسٹ میں ناکام تصور کیا جاتا ہے۔ آندرے پر اسی قانون کے تحت کاروائی کی گئی ہے کیوں کہ وہ سال 2015 میں بالترتیب یکم جنوری، یکم مارچ اور پچیس جولائی کو طلب کیے جانے کے باوجود ٹیسٹ کروانے کے لیے نہیں آئے۔
پاکستان سپر لیگ 2017ء کا انعقاد اب بہت قریب ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ 9 فروری سے شروع ہونے والے اس سیزن میں اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی تاہم اسے آندرے رسل جیسے اہم کھلاڑی کی خدمات حاصل نہ ہوں گی۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ ان کی جگہ کس کھلاڑی کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے دستے میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا جاتا ہے۔