بلائنڈ ورلڈ کپ، پاکستان تاحال ناقابلِ شکست

0 1,116

ٹی ٹوئنٹی بلائنڈ ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے ناقابلِ شکست رہتے ہوئے فتوحات کی ڈبل ہیٹ ٹرک مکمل کر لی ہے۔ انگلستان، نیوزی لینڈ، روایتی حریف بھارت، سری لنکا اور نیپال کے بعد پاکستان نے جنوبی افریقہ کو بھی عبرتناک شکست سے دوچار کیا ہے۔

الور کے کرناٹک اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن گراؤنڈ میں ہونے والے پاک-جنوبی افریقہ مقابلے میں پروٹیز نے ٹاس جیتا اور پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ لیکن تجربہ کار و باصلاحیت پاکستانی گیندبازوں کے سامنے وہ بالکل بے بس دکھائی دیے۔ جنوبی افریقہ کے بلے بازوں کی حالت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ 8 بلے باز دہرے ہندسے میں بھی نہیں پہنچ سک۔ مقررہ اوورز میں جنوبی افریقہ 9 وکٹوں پر محض 100 رنز ہی بنا سکا۔ پاکستان کی جانب سے انیس جاوید نے دو جبکہ بدر منیر اور ریاست خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کے لیے 101 رنز کا تعاقب مشکل تو نہیں تھا لیکن اسے ناقابلِ یقین انداز میں حاصل کیا،چھٹے اوورز کی پہلی گیند پر ہی۔اوپنر بدر منیر نے ایک مرتبہ پھر جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور صرف 20 گیندوں پر ناقابل شکست 60 رنز بنائے۔ اس میں 10 چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ محمد جمیل نے ان کا بھرپور ساتھ دیا اور 29 رنز کے ساتھ ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ پاکستان کی واحد وکٹ ریاست خان کی صورت میں گری جو ایشن جوناتھن کے ہاتھوں صرف دو رنز پر آؤٹ ہوئے۔

اب پاکستان اپنے اگلے تین مقابلے بنگلہ دش، ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گا۔ واضح رہے کہ پاکستان پہلے ہی سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر چکا ہے۔

بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل 10 اور 11 فروری کو ہوں گے جبکہ فیصلہ کن معرکہ 12 فروری کو کھیلا جائے گا۔