پاکستان سپر لیگ کی خوبصورت ٹرافی اور دیگر اعزازات
پاکستان سپر لیگ کے آغاز میں اب محض تین دن ہی رہ گئے ہیں اور یہ بہترین وقت ہے ٹیموں کو یاد دلانے کا کہ آخر انہیں جیتنا کیا ہے۔ پی ایس ایل 2 کی ٹرافی کی رونمائی دبئی میں کی گئی ہے جسے آسٹریا کے مشہور جوہری سواروسکی نے تیار کیا ہے۔ 50 ہزار کرسٹل سے بنی اس خوبصورت ٹرافی کو 'اسپرٹ ٹرافی' کا نام دیا گیا ہے۔ چار مہینے میں بننے والی یہ ٹرافی 5 مارچ کو لاہور میں ہونے والے فائنل میں کامیاب ہونے والی ٹیم کو دی جائے گی۔
تقریب رونمائی میں پاکستان سپر لیگ کے چیئرمین نجم سیٹھی، برانڈ سفیر رمیز راجہ، پانچوں ٹیموں کے کپتان مصباح الحق، سرفراز احمد، کمار سنگاکارا، برینڈن میک کولم اور ڈیرن سیمی بھی موجود تھے۔
بعد ازاں ایک پریس کانفرنس بھی منعقد ہوئی جس میں تین اعزازات کا بھی اعلان کیا گیا جن میں ٹورنامنٹ کے بہترین بلے باز کے لیے "حنیف محمد ٹرافی"، بہترین گیند باز کے لیے "فضل محمود ٹرافی" اور بہترین وکٹ کیپر کے لیے "امتیاز احمد ٹرافی" کی رونمائی کی گئی۔
پاکستان سپر لیگ کے دوسرے سیزن کا آغاز جمعرات 9 فروری کو دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے مقابلے سے ہوگا۔ راؤنڈ رابن مرحلے میں تمام ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف دو، دو مقابلے کھیلیں گی۔ جس کے بعد ٹاپ 4 پلے آف مرحلے میں پہنچیں گی۔