کوہلی کا ایک اور عالمی ریکارڈ
بھارت کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز ویراٹ کوہلی نے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا ہے۔
حیدرآباد میں بنگلہ دیش کے خلاف جاری ٹیسٹ میں کوہلی نے ڈبل سنچری بنا ڈالی ہے۔ اس یادگار اننگز کی بدولت وہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلے بلے باز بن گئے ہیں جنہوں نے مسلسل چار ٹیسٹ سیریز میں ڈبل سنچریاں بنائی ہیں۔ اس سے قبل آسٹریلیا کے ڈان بریڈمین اور بھارت کے راہول ڈریوڈ تھے جنہوں نے مسلسل تین سیریز میں ڈبل سنچریاں بنائی تھیں۔
کوہلی نے اپنے کیریئر کی پہلی ڈبل سنچری ویسٹ انڈیز کے خلاف پچھلے سال بنائی تھی اور اس کے بعد تو ایسا سلسلہ چل پڑا کہ اب تک رکنے میں نہیں آ رہا۔ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں اگلی ڈبل سنچری داغنے کے بعد انہوں نے انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں 235 رنز کی اننگز کھیل ڈالی جو ان کے کیریئر کی بہترین اننگز تھی۔
اب بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے واحد ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بنائ گئی ڈبل سنچری انہیں عالمی ریکارڈ ہولڈر بنا چکی ہے۔
یعنی کوہلی کے بارے میں جس نے بھی پیشن گوئی کی تھی کہ بلے بازی کے زیادہ تر عالمی ریکارڈ اس کے نشانے پر ہیں، سچ ثابت ہو رہی ہے۔