ٹاپ ٹین میں کوئی پاکستانی نہیں، لیکن پاکستانی ہی "نمبر ون"

0 1,035

بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے جنوبی افریقہ اور سری لنکا کی باہمی سیریز مکمل ہونے کے بعد ایک روزہ کی تازہ ترین درجہ بندی جاری کردی ہے جس میں ہمیں ٹاپ ٹین میں پاکستان کا کوئی بلے باز نظر آتا ہے اور نہ گیندباز۔ لیکن ایک ایسا باؤلر ضرور دنیا میں نمبر ایک بن گیا ہے، جو پیدا پاکستان میں ہوا، کرکٹ کھیلنے کا آغاز یہاں کیا، انڈر 19 سے لے کر جونیئر ٹیم تک گرین شرٹس ہی کی نمائندگی کی لیکن اب جب وہ ٹی ٹوئنٹی کے بعد ون ڈے کا نمبر ایک باؤلر بنا ہے تو اس کی ٹیم ساؤتھ افریقہ ہے۔ یہ ہے جنوبی افریقہ کے عمران طاہر جو تازہ ترین درجہ بندی میں دنیا کے بہترین ون ڈے باؤلر بن چکے ہیں۔

عمران کے علاوہ فف دو پلیسی نے بھی بلے بازی میں ایک اہم سنگ میل عبور کیا ہے اور پہلی بار چوتھی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ ان دونوں کھلاڑیوں کی یہ پرواز پروازی سری لنکا کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز میں شاندار کارکردگی پیش کرنے کا نتیجہ ہے، جہاں عمران طاہر نے 10 وکٹیں حاصل کیں اور دو پلیسی نے 410 رنز بنائے جن میں دو سنچریاں اور ایک نصف سنچری شامل ہے۔

اس وقت گیندبازی کے شعبے میں نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ 757 پوائنٹس سے دوسرے اور سنیل نرائن 711 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ ایک پوائنٹ کے فرق سے مچل اسٹارک چوتھے اور ان کے ہم وطن جوش ہیزل ووڈ کا 684 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔اس کے بعد بالترتیب شکیب الحسن ، میٹ ہینری، کاگیسو رباڈا، عادل رشید اور محمد نبی چھٹے سے دسویں نمبر پر قابض ہیں۔

بلےبازی کے شعبے میں آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر 871 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں جبکہ اے بی ڈی ولیئرز اور ویراٹ کوہلی دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ کوئنٹن ڈی کوک پانچویں ، کین ولیم سن اور ہاشم آملا 863 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر ہیں۔ انگلستان کے جو روٹ، مارٹن گپٹل اور اسٹیون اسمتھ ٹاپ ٹین میں بالترتب آخری تین مقامات حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔