مصباح متاثر کن، انہیں دیکھ کر ہمت ملتی ہے: کرس گیل

0 1,075

ویسٹ انڈیز کے کرس گیل جارحانہ بلے بازی کی عالمی علامت ہیں۔ "ورلڈ باس" کو مختصر ترین طرز کی کرکٹ کا سب سے موثر ہتھیار مانا جاتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہر اہم ٹی ٹوئنٹی لیگ میں کرس گیل کی شمولیت منتظمین کا اولین ہدف ہوتی ہے۔ گیل ابتدا ہی سے پاکستان سپر لیگ کا بھی حصہ ہیں۔ پہلے ایڈیشن میں انہوں نے لاہور قلندرز کی نمائندگی کی اور اب جاری سیزن میں ان کی خدمات کراچی کنگز نے حاصل کی ہیں۔ پی ایس ایل کے بعد وہ انڈین پریمیئر لیگ 2017ء کھیلنے کے لیے روانہ ہو جائیں گے جہاں وہ رائل چیلنجرز بنگلور کی نمائندگی کریں گے۔

اگر ہم گیل کو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا روح رواں کہیں تو غلط نہیں ہوگا، وہ ہر لیگ کی جان ہیں اس لیے جب ان سے کامیاب لیگ کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کا جواب تھا یہ سب "ویور شپ" کا کھیل ہے، جب تک کوئی لیگ اپنے ناظرین نہ پیدا کرنے اور اس میں مستقل اضافے کی منصوبہ بندی نہ کرے، کامیاب نہیں ہو سکتی۔ پی ایس ایل ابھی اپنے ابتدائی مرحلے میں ہے، دوسرا سیزن جاری ہے اور اسے اپنی ویور شپ کو بڑھانا ہوگا اور آئی پی ایل اور بگ بیش لیگ کے تجربات کو سمجھنا اور ان سے سیکھنا ہوگا۔ اگر پی ایس ایل منتظمین اس پر توجہ دیں تو یہ لیگ غیر معمولی کامیابی حاصل کر سکتی ہے۔ اب پاکستان کرکٹ فینز کو بھی ہمت اور صبر سے کام لینا ہوگا کیونکہ کوئی منصوبہ فوراً نتائج نہیں دیتا، اسے پروان چڑھنے میں وقت لگتا ہے بس سمت درست ہونی چاہیے۔

گیل نے آئی پی ایل کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے دن ہی اس مقام تک نہیں پہنچی بلکہ بتدریج آگے بڑھی اور بہتر سے بہترین بنانے کے لیے مزید محنت بھی کرنا پڑی۔ بگ بیش اور کیریبیئن لیگ نے بھی اسی طرح خود کو منوایا ہے۔

کراچی کنگز کے بارے میں سوال پر گیل پرامید دکھائی دیے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی ٹورنامنٹ میں موجود ہیں، ابتدا میں شکستوں سے ٹیم دباؤ کا شکار ہوگئی ہے اور اب تھوڑا سا موقع ملنے کی ضرورت ہے۔ ایک جیت سے اعتماد حاصل ہوتے ہی ہمیں روکنا مشکل ہو جائے گا۔ "کراچی کنگز میں تجربہ کار کھلاڑی ہیں، ٹھنڈے مزاج کا کپتان ہے، باہمت اور باصلاحیت کوچنگ عملہ ہے، اس لیے کوئی وجہ نہيں کہ ٹیم جلد قدموں پر کھڑی نہ ہو۔"

اپنی بڑھتی ہوئی عمر کے حوالے نےسے گیل کا کہنا تھا کہ کرکٹ کا تعلق عمر سے نہیں فٹنس سے ہوتا ہے اور اب بھی خود کو فٹ سمجھتے ہيں اور دو سال تک آسانی سے کھیلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ "ویسے بھی بہت سے بڑی عمر کے کھلاڑی اس وقت فٹ کھلاڑیوں سے زیادہ بہتر کارکردگی پیش کر رہے ہیں جیسا کہ مصباح الحق اور یونس خان۔" گیل نے مصباح اور یونس کو نوجوان کرکٹرز اور خود اپنے لیے بھی ایک مثال قرار دیا۔ "مصباح میرے لیے متاثر کن شخصیت ہیں، میں انہیں دیکھ کر ہمت پاتا ہوں۔ جس طرح وہ 42 سال کی عمر میں پی ایس ایل کا حصہ ہیں ثابت ہو رہا ہے کہ وہ کتنے زیادہ فٹ ہیں۔ میں تو پھر بھی 37 سال کا ہوں اور انہیں دیکھوں تو مزید سال کھیلنے کا حق رکھتا ہوں"۔

واضح رہے کہ "ورلڈ باس" کرس گیل ٹی ٹوئنٹی تاریخ میں 10 ہزار رنز بنانے والے پہلے بیٹسمین بن سکتے ہیں لیکن اس وقت وہ بدترین فارم سے دوچار ہیں۔ پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز کی طرف سے کھیلتے ہوئے کے ابتدائی چار مقابلوں میں انہوں نے صرف 19 رنز بنائے ہیں۔ اس لیے اب پی ایس ایل کے اندر 10 ہزار رنز مکمل کرنا مشکل ہوگیا ہے۔ وہ اس وقت 9796 رنز پر کھڑے ہیں یعنی منزل سے 204 رنز کے فاصلے پر ہیں۔

Chris-Gayle-Sohail-Khan