دورۂ انگلستان: بھارتی دستے کا اعلان ہفتے کو ہوگا

1 1,037

بھارت کل (بروز سنیچر) دورۂ انگلستان کے لیے اپنے ٹیسٹ دستے کا اعلان کرے گا جس میں ممکنہ طور پر سچن ٹنڈولکر، ظہیر خان، گوتم گمبھیر اور سری سانتھ کو ایک مرتبہ پھر ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔

بھارت اور انگلستان کے درمیان 4 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آغاز اگلے ماہ یعنی جولائی کی 21 تاریخ سے ہوگا جو ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا 2 ہزار واں ٹیسٹ میچ ہوگا۔ یوں تاریخی لحاظ سے بھی اس دورے کے آغاز کو بہت اہمیت حاصل ہوگی جبکہ اس وقت ٹیسٹ کرکٹ کی دو بہترین ٹیموں کو ٹکراتے ہوئے تو دنیا کا ہر کرکٹ شائق دیکھنا ہی چاہے گا۔

ویسٹ انڈیز میں عمدہ کارکردگی راہول ڈریوڈ کو انگلستان کے اہم دورے کے لیے ٹیم میں جگہ دے سکتی ہے

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی سلیکشن کمیٹی کا اجلاس چنئی میں کرش شری کانت کی قیادت میں ہوگا جس میں مذکورہ بالا کھلاڑیوں کے علاوہ ممکنہ طور پر نیم صحت مند وریندر سہواگ کو بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔ دورۂ انگلستان کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے بظاہر ایسا ہی لگتا ہے کہ سہواگ بھی حتمی دستے کا حصہ ہوں گے تاہم اگر انہیں منتخب نہیں کیا جاتا تو مرلی وجے ان کی جگہ اوپننگ کی ذمہ داریاں جاری رکھیں گے۔

17 رکنی دستے میں جن کھلاڑیوں کی شمولیت یقینی لگتی ہے ان میں گوتم گمبھیر، راہول ڈریوڈ، سچن ٹنڈولکر، وی وی ایس لکشمن، سریش رائنا، یووراج سنگھ، مہندر سنگھ دھونی، ہربھجن سنگھ، ظہیر خان اور سری سانتھ شامل ہیں۔ تاہم بیک اپ وکٹ کیپر کی حیثیت سے پارتھیو پٹیل کو بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔

بھارت اور انگلستان کے درمیان 4 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آغاز 21 جولائی کو لارڈز میں پہلے ٹیسٹ سے ہوگا جس کے بعد دونوں ٹیمیں ناٹنگھم، برمنگھم اور اوول، لندن میں تین ٹیسٹ میچز کھیلیں گے۔ پہلے مرحلے میں سلیکشن کمیٹی صرف ان چار ٹیسٹ میچز کے لیے دستے کا اعلان کرے گی جبکہ ایک ٹی ٹوئنٹی اور 5 ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں کے لیے دستے کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔