چیمپیئنز ٹرافی کی رونمائی،شاہد آفریدی کے ہاتھوں

0 1,188

سال 2017ء کا سب سے بڑا ٹورنامنٹ "چیمپیئنز ٹرافی" شروع ہونے میں اب صرف 100 دن رہ گئے ہیں اور اس کے لیے تقریب رونمائی دبئی میں ہوئی ہے۔ چیمپیئنز ٹرافی ورلڈ کپ کے بعد ایک روزہ کرکٹ کا دوسرا سب سے بڑا اعزاز ہے اور اس کی ٹرافی کی نقاب کشائی پاکستان کے سابق ٹی ٹوئنٹی کپتان شاہد آفریدی نے کی۔ اب یہ ٹرافی مختلف ممالک کے سفر پر روانہ ہوگی۔

چیمپیئنز ٹرافی یکم جون سے انگلینڈ میں شروع ہوگا جس میں بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی عالمی درجہ بندی کی سرفہرست 8 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ان میں آسٹریلیا، جنوبی افریقہ،نیوزی لینڈ، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش اور پاکستان کے علاوہ میزبان انگلستان بھی شامل ہوگا۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ چیمپیئنز ٹرافی بہت اہم ایونٹ ہے اور شائقین اس کے شدت سے منتظر ہیں۔ بدقسمتی سے یہ واحد بڑی ٹرافی ہے جو پاکستان کبھی جیت نہیں سکا مگر اچھی بات یہ ہے کہ یہی وہ ٹورنامنٹ ہے جس میں پاکستان بھارت کو شکست دے چکا ہے۔ مجھے قیین ہے کہ اس بار پاکستان ٹرافی کے حصول کے لیے سخت امیدوار ثابت ہوگا۔

اب چیمپیئنز ٹرافی 8 ممالک کے 19 شہروں کا دورہ کرے گی جہاں مداحوں کو ٹرافی قریب سے دیکھنے کا موقع ملے گا اور یوں یہ ایونٹ ہمیشہ ان کی یادوں کا حصہ بن جائے گا۔ ٹرافی کے سفر کا باقاعدہ آغاز 2 مارچ کو بھارت سے ہوگا جہاں 15 مارچ تک یہ مختلف شہروں میں رونمائی کے بعد 18 سے 21 مارچ تک بنگلہ دیش پہنچے گی۔ 22 مارچ کو سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو پہنچنے کے بعد یہ 28 مارچ کو پاکستان میں اپنا پہلا پڑاؤ کراچی میں کرے گی۔ پھر 30 مارچ کو جنوبی افریقہ روانہ ہوگی جہاں سے 27 اپریل تک کہ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے مختلف شہروں میں گھومتے ہوئے برطانیہ روانہ ہوگی۔

چیمپیئنز ٹرافی کا آغاز یکم جون کو میزبان انگلستان اور بنگلہ دیش کے درمیان اوول میں مقابلے سے ہوگا۔ 4 جون کو روایتی حریف پاکستان اور بھارت برمنگھم میں ایک دوسرے کا مقابلہ کریں گے جو بلاشبہ ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا میچ ہوگا۔ فائنل 18 جون کو اوول ہی میں کھیلا جائے گا۔

Champions-Trophy