مہیلا جے وردھنے بھی بابر اعظم کے مداح نکلے

0 1,042

لیگ کرکٹ کا انعقاد کرنے والے ہر ملک کے پیش نظر دیگر مقاصد کے علاوہ اہم ترین مقصد یہ بھی ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو عظیم بین الاقوامی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کا موقع فراہم کریں تاکہ ان کی کارکردگی اور اعتماد میں اضافہ ہو۔ پاکستان سپر لیگ میں بھی دنیائے کرکٹ کے نامور کھلاڑی موجود ہیں جو نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کا سبب بن رہے ہیں۔ ایسے ہی عظیم ناموں میں سے ایک سری لنکا کے سابق کپتان مہیلا جے وردھنے ہیں جو آجکل کراچی کنگز کے دستے کا حصہ ہیں اور اپنے ہم ون وطن اور ہم جولی کمار سنگاکارا کی قیادت میں پی ایس ایل ٹرافی جیتنے کی تگ و دو میں لگے ہوئے ہیں۔

اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں مہیلا نے پی ایس ایل کے تجربے اور دیگر اہم پہلوؤں پر گفتگو کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل ایک کامیاب اور دلچسپ ایونٹ ہے اور ایک ٹیم کا اضافہ کرکے اسے مزید دلچسپ بنایا جا سکتا ہے۔ اس وقت پاکستان سپر لیگ میں پانچ ٹیمیں کھیل رہی ہیں جن میں سے چار اگلے مرحلے تک پہنچتی ہیں اور صرف ایک باہر ہو جاتی ہے۔ اس وجہ سے ٹیموں کے درمیان زیادہ کھینچاتانی نہیں ہوتی اور مقابلے کی فضا ویسی نہیں بن رہی جیسی ہونی چاہیے اس لیے مہیلا جے وردھنے کہتے ہیں کہ "میرا مشورہ ہے کہ ٹیموں کی تعداد کو بڑھا کر 6 کردی جائے تاکہ آگے بڑھنے کے لیے سخت ٹاکرا دیکھنے کو ملے۔ مجھے یہ سن کر خوشی ہوئی ہے کہ پی ایس ایل حکام ایک ٹیم کا اضافہ کرنے کا فیصلہ پہلے ہی کر چکے ہیں اور اس سے لیگ کو بہت فائدہ پہنچے گا۔"

مہیلا پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں سے بھی متاثر نظر آئے خاص طور پر بابر اعظم کی صلاحیتوں کے گن گا رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بابر کا مستقبل بہت روشن ہے کیونکہ ان کی بیٹنگ تکنیک اور جذبہ کمال کا ہے اور اگر وہ محنت جاری رکھیں تو ایک بہترین بلے باز کے طور پر ابھر سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ بابر نے پی ایس ایل کے اس سیزن میں ابھی تک 8 مقابلے کھیلے ہیں اور 40 کے اوسط سے 265 رنز بنا چکے ہیں۔

کراچی کنگز کی اب تک ہونے والی پیشرفت پر مہیلا کا کہنا ہے کہ گو کہ آغاز مایوس کن تھا لیکن ٹیم کے ابھرنے پر مکمل یقین تھا کیونکہ ہمارے پاس ایک سے بڑھ کر ایک کھلاڑی موجود ہے۔ اچھی بات یہ ہے کہ بروقت اڑان بھرنے میں کامیاب رہے اور گزشتہ چار میں سے تین مقابلوں میں شاندار کامیابیاں حاصل کیں۔ امید ہے کہ پلے آف مرحلے سے بھی کامیابی سے گزر جائیں گے۔ "ہماری خوش قسمتی ہے کہ برے وقت میں بھی مداحوں کا اعتماد ختم نہیں ہوا اور اب ہم انہیں مایوس نہیں کریں گے۔"

Babar-Azam