دورۂ ویسٹ انڈیز کے لیے تربیتی کیمپ، 31 کھلاڑی طلب

0 1,088

انضمام الحق کی زیر قیادت قومی سلیکشن کمیٹی نے ان 31 کھلاڑیوں کی فہرست جاری کر دی ہے جنہیں دورۂ ویسٹ سے قبل تربتی کیمپ کے لیے طلب کیا گیا ہے۔ سیریز کے محدود اوورز کے مرحلے کے لیے یہ تربیتی کیمپ 11 سے 17 مارچ تک قذافی اسٹیڈیم میں جاری رہے گا جبکہ ٹیسٹ سیریز کے لیے الگ کیمپ لگایا جائے گا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ کامران اکمل اور احمد شہزاد جیسے 'دکھی دلوں' کی بھی سن لی گئی ہے جو عرصے سے سلیکشن کمیٹی کو متوجہ کرنے کی کوششوں میں مصروف تھے۔ ان دونوں تجربہ کار بلے بازوں نے ڈومیسٹک سیزن کے بعد پاکستان سپر لیگ میں بھی اپنی مہارت کا لوہا منوایا اور اب بلاوے کا سندیسہ آ گیا ہے۔

کامران اکمل نے فرسٹ کلاس سیزن میں 1035 رنز بنائے اور پی ایس ایل2 میں کمال ہی کردیا، 353 رنز بنا کر سب سے آگے رہے جس میں سیزن کی واحد سنچری بھی شامل تھی۔ جہاں تک احمد شہزاد کی بات ہے تو ڈومیسٹک سیزن میں 653 رنز بنانے میں کامیاب رہے اور پھر پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو فائنل تک پہنچانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔

پی ایس ایل کے دوران فکسنگ اسکینڈل کی وجہ سے شکوک و شبہات میں گھرنے کی وجہ سے محمد عرفان کی قسمت تو نہ جاگ سکی لیکن اوسط درجے کی گیندبازی کے باوجود جنید خان کو ایک اور موقع مل گیا ہے۔

ہفت روز کیمپ میں شرکت کے لیے ان دو تجربہ کاروں کے علاوہ ان پانچ نوخیزوں کی بھی سنی گئی ہے، جنہیں نے پی ایس ایل میں عمدہ کارکردگی سے سب کو اپنی طرف متوجہ کر لیا تھا۔ فخر زمان، رمّان رئیس، اسامہ میر، عثمان خان شنواری اور شاداب خان پی ایس ایل کارکردگی کی بنیاد پر کیمپ کا حصہ بنیں گے جبکہ قائداعظم کپ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے آل راؤنڈر فہیم اشرف، حسین طلعت، عماد بٹ، سعد علی اور بلےباز آصف ذاکر بھی تربیتی کیمپ نظر آئیں گے۔ ان کے علاوہ ایک روزہ قومی کپ میں 71 وکٹیں لے کر سب کو حیران کرنے والے ابھرتے نوجوان گیندباز محمد عباس کو بھی طلت کیا گیا ہے۔

قومی ٹیم کے دورۂ ویسٹ انڈیز کا آغاز 26 مارچ سے 4 ٹی ٹوئنٹی میچز کے ذریعے ہوگا، جس کے بعد 3 ون ڈے اور 3 ٹیسٹ میچز بھی کھیلے جائیں گے۔ تربیتی کیمپ کے لیے بلائے گئے کھلاڑیوں کے نام یہ ہیں:

سرفراز احمد، احمد شہزاد، محمد حفیظ، فخر زمان، اظہر علی، شان مسعود، بابر اعظم، شعیب ملک، عمر اکمل، آصف زاکر، سعد علی، کامران اکمل، فہیم اشرف، حسین طلعت، عماد بٹ، محمد عامر، حسن علی، وہاب ریاض، راحت علی، رومان رئیس، سہیل خان، جنید خان، سہیل تنویر، محمد عباس، عثمان شنواری، اسامہ میر، عماد وسیم، محمد اصغر، شاداب خان، محمد نواز اور یاسر شاہ۔