قوم کے ہیرو کیا بنیں گے اصلی ہیرو؟

0 1,357

دنیا میں تیز ترین گیند باز پیدا کرنے والی سر زمین پاکستان میں کبھی بھی ایسا نہیں ہوا کہ فاسٹ باؤلنگ کا ٹیلنٹ نہ ملا ہو۔ پاکستان نے کئی ایسے باؤلرز پیدا کیے جنہوں نے کرکٹ کی تاریخ میں اپنا نام پیدا کیا ان میں سے ایک نام 23 سالہ نوجوان حسن علی کا ہے۔

کم وقت میں شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والا قومی ہیرو اب اپنی ہی بائیوپِک میں بطور ہیرو جلوہ گر ہونے والے ہیں۔حسن علی کو اکثر کیمرے کے ساتھ کچھ شوٹ کرتے ہوئے پایا گیا ہے اور اطلاعات یہ ہی ہیں کہ وہ 2017ء میں اپنی شاندار پرفارمنس کو کیمرے میں محفوظ کر رہے ہیں اور جلد ہی بائیوپِک کی صورت میں شائقین کے سامنے لارہے ہیں۔ اُن کے کرکٹ کے سفر کے بارے میں کون نہیں جانتا؟ اگر ان کی 2017ء میں کی شاندار کامیابیوں کا خلاصہ کیا جائے تو واقعی ایک پاکستانی کرکٹ شائقین کا سر فخر سے بلند ہوجائے گا۔

حسن علی کو 2017ء میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل رہا۔ سری لنکا کے خلاف میچ میں انہوں نے 5 وکٹیں حاصل کیں اس طرح انہوں نے اپنے 24 ویں میچ میں 50 وکٹیں بھی مکمل کیں۔ 23 سالہ حسن علی نے تیز ترین 50 وکٹیں لیکراس وقار یونس کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔وہ آئی سی سی چیمپئز ٹرافی کے بھی ہیرو رہے اور مین آف دی ٹورنامنٹ بنے۔ حسن علی کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ’ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر‘ کے ایوارڈ سے بھی نوازا ہے اور وہ ون ڈے رینکنگ میں نمبر ایک باؤلر بھی بنے۔

قومی کرکٹ کے ہیرو اصلی زندگی میں بھی ہیرو بن کر سامنے آرہے ہیں اور ان کے سب ہی مداح بے چینی سے ان کی اس بائیوپِک کے منظرِ عام پر آنے کا شدت سے انتظار کررہے ہیں۔