ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2020ء، میزبان شہروں کا اعلان ہوگیا

0 1,298

ٹی ٹوئنٹی کی دنیا کا سب سے بڑا ٹورنامنٹ 'ورلڈ ٹی ٹوئنٹی' اب 2020ء میں کھیلا جائے گا اور میزبانی کرے گا آسٹریلیا، پہلی بار! یہی نہیں بلکہ مردوں اور عورتوں کے ٹورنامنٹس مکمل طور پر الگ کھیلے جائیں گے۔ پہلے عورتوں کے مقابلے 21 فروری سے 8 مارچ تک ہوں گے، جبکہ مردوں کا ٹورنامنٹ 18 اکتوبر سے 15 نومبر تک کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹورنامنٹس کے فائنل تاریخی میلبرن کرکٹ گراؤنڈ (ایم سی جی) میں ہوں گے ۔ جہاں 1992ء اور 2015ء کے ورلڈ کپ فائنل بھی ہو چکے ہیں بلکہ سب سے زیادہ تماشائیوں کا عالمی ریکارڈ بھی بنا ہے۔

آئی سی سی کے مطابق ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2020ء کے مقابلے میلبرن کے علاوہ سڈنی، ایڈیلیڈ، پرتھ، برسبین، گیلونگ اور ہوبارٹ میں ہوں گے۔ سڈنی اور ایڈیلیڈ سیمی فائنل کی میزبانی کریں گے جبکہ پرتھ کا نیا اسٹیڈیم اہم مقابلے کی میزبانی سے محروم رہے گا ۔

اس سے پہلے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ہر دو سال بعد کھیلا جاتا تھا لیکن اب اس میں چار سال کا وقفہ کردیا گیا ہے ۔ 2020ء کے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں ویسٹ انڈیز اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا جس نے 2016ء میں بھارت میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کی تھی۔