بھارت انڈر19 ورلڈ چیمپیئن بن گیا

0 1,206

انڈر19 عالمی کپ کے فائنل میں انڈیا نے آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر چوتھی مرتبہ عالمی چیمپئن کا تاج سر پر سجا لیا ہے۔ فائنل میچ کی خاص چیز اوپنر منجوت کالرا کی جارحانہ سنچری تھی جو میچ وننگ ثابت ہوئی۔اس فتح کے ساتھ ہی انڈیا سب سے زیادہ مرتبہ آئی سی سی انڈر 19 عالمی کپ جیتنے والا ملک بن گیا ہے جبکہ اس سے پہلے فائنل کے حریف آسٹریلیا کے ساتھ تین، تین کے ساتھ برابر تھا۔

ماؤنٹ مونگانوئی میں کھیلے گئے فائنل میں کینگروز نے ٹاس جیت کے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ان کے لیے خاص فائدہ مند ثابت نہیں ہوا۔ بھارتی گیند بازوں کی نپی تلی باؤلنگ نے مضبوط حریف کے کس بل نکال دیے کوئی بھی فائنل کی سطح کا شو پیش نہیں کر سکا۔ دباؤ بڑھتا رہا اور بلے باز وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتے رہے، سوائے جوناتھن مرلو کے کوئی نصف سنچری تک نہ بنا سکا۔ مرلو نے محتاط انداز اپناتے ہوئے 102 گیندوں میں 6 چوکوں کی مدد سے 76 رنز بنائے جبکہ دیگر بلےبازوں میں پرم اپل 34، جیک ایڈورڈز نے 28 اور نیتھن مک سوینی نے 23 رنز بنائے ۔ باقی کوئی بلے باز خاطر خواہ رنز نہ بنا سکا۔ یہاں تک کہ پوری ٹیم 47.2 اوور میں 216 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔بھارت کی جانب سے ایشان پوریل، کملیش نگرکوٹی، انوکل رائے اور شوا سنگھ نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شوم ماوی نے 1 وکٹ حاصل کی۔

قدرے آسان ہدف کے تعاقب میں انڈیا نے دو بلےبازوں کے نقصان پر 39اوورز میں ہی معرکہ سر کر لیا۔ اس کامیابی کریڈٹ اوپنر بلےباز منجوت کالرا کے سر جاتا ہے جنہوں نے 8 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 102 گیندوں پر ناقابلِ شکست 101 رنز بنائے ۔ دیگر بلے بازوں میں کپتان پرتھوی شا نے 29 رنز اور شبمن گل 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ہاروک ڈیسائی 47 پر ناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے ول سدرلینڈ اور پرم اپل نے 1، 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

منجوت کالرا کو میچ جبکہ شبمن گل کو ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کے ایوارڈز دیے گئے۔

یاد رہے آسٹریلیا سیمی فائنل میں افغانستان کو 6 وکٹوں جبکہ بھارت پاکستان کو یکطرفہ مقابلے میں 203 رنز سے شکست دے کر فائنل تک پہنچا تھا۔ بعدازاں، پاکستان اور افغانستان کے مابین تیسری پوزیشن کا میچ بارش کی نذر ہو گیا تاہم بہتر ایوریج کی بدولت پاکستان کو تھرڈ پوزیشن کا حقدار قرار دیا گیا۔