براوو، با اور بارش بھارت کی فتح میں حائل، دوسرا ٹیسٹ ڈرا

1 1,033

بھارت کو ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرا ٹیسٹ جیت کر فیصلہ کن برتری حاصل کرنے میں تین 'ب' حائل ہو گئے یعنی براوو، با اور بارش۔ یوں ویسٹ انڈیز نے بارباڈوس میں بھارت کے خلاف ناقابل شکست رہنے کا اپنا ریکارڈ برقرار رکھا۔

ایشانت شرما کی تباہ کن باؤلنگ نے بارش سے متاثرہ ٹیسٹ میں جان بھر دی

آخری روز بھارت نے 269 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی دوسری اننگ ڈکلیئر کی تو ویسٹ انڈیز کو 83 اوورز میں 281 رنز کا ہدف ملا۔ بھارتی قائد مہندر سنگھ دھونی کے اس جرات مندانہ فیصلے نے اک ایسے ٹیسٹ میچ میں جان ڈال دی جس میں کل128 اوورز کا قیمتی وقت بارش کی نذر ہوا اور کسی بھی فیصلہ کن مرحلے تک پہنچنے کی امید کم ہو چکی تھی۔

بہرحال، ویسٹ انڈیز نے دوسری اننگ کا آغاز کیا تو ٹاپ آرڈر ان فارم ایشانت شرما اور پروین کمار کے ابتدائی جھٹکے نہ سہہ سکا اور محض 55 پر اس کی تین ابتدائی وکٹیں گر چکی تھیں۔ گو کہ شیونرائن چندرپال اور ڈیرن براوو نے مزید نقصان سے بچاتے ہوئے چائے کے وقفے تک پہنچا دیا جہاں ویسٹ انڈیز کا اسکور 108 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ تھا لیکن حقیقت یہی تھی کہ ویسٹ انڈیز کو میچ کو فیصلہ کن یا برابری کی سطح تک لے جانے کے لیے ایک اچھی شراکت داری کی ضرورت تھی۔

چائے کے وقفے کے بعد پہلے ہی اوور میں شیونرائن امپائر این گولڈ کے ایک انتہائی ناقص فیصلے کا نشانہ بن گئے اور محض 12 رنز پر انہیں پویلین لوٹنا پڑا۔ انہوں نے 87 گیندیں کھیل کر ایک اینڈ کو روکے رکھا لیکن امپائر کے فیصلے پر انہیں چلتے ہی بنی۔ گیند نے آف اسٹمپ سےکہیں باہر شیو کے پیڈ کو چھوا تھا اور یہ کسی بھی طرح آؤٹ نہیں تھا، بہرحال ویسٹ انڈیز کو چوتھا نقصان ہو چکا تھا۔ رہی سہی کسر 132 پر مارلون سیموئلز کی وکٹ نے پوری کر دی جو ایشانت شرما کا اننگ میں تیسرا اور میچ میں نواں شکار بنے، یہی وہ موقع تھا جب بھارت کھیل پر مکمل طور پر حاوی ہو گیا۔

اب ویسٹ انڈین بلے بازی کی آخری جوڑی کریز پر موجود تھی یعنی ڈیرن براوو اور وکٹ کیپر کارلٹن با۔ دونوں نے چھٹی وکٹ پر 69 رنز کی زبردست شراکت قائم کی اور آخری سیشن میں کھیل کو پلٹ کر ویسٹ انڈیز کے حق میں کر دیا۔ دوسرے اینڈ سے کارلٹن با اپنے تیز رفتار کھیل کے باعث ویسٹ انڈین ارادوں کو ظاہر کر رہے تھے کہ وہ میچ کو ڈرا کی جانب نہیں بلکہ فتح کی جانب لے جانا چاہتا ہے لیکن یہ تمام ارادے اس وقت خاک ہو گئے جب گہرے بادلوں نے میدان کو آ لیا اورکھیل آدھے گھنٹے تک روک دیا گیا۔

یہی بارش تھی جس نے میچ کو کسی فیصلہ کن مرحلےتک نہ پہنچنے دیا، گو کہ اس میں زیادہ وقت ضایع نہیں ہوا لیکن اس کے بعد ویسٹ انڈین حکمت عملی میں تبدیلی دکھائی دی۔ بہرحال، میچ میں ایک سنسنی خیز مرحلہ ابھی باقی تھا جب 201 کے مجموعی اسکور پر ابھیمنو متھن نےڈیرن براوو کو وکٹوں کے پیچھے آؤٹ کر ا دیا اور اگلے ہی اوور میں ایشانت نے حریف کپتان ڈیرن سیمی کو ایک خوبصورت یارکر پر ایل بی ڈبلیو کر کے میچ میں اپنی دسویں وکٹ بھی حاصل کر لی۔ تاہم اس کے بعد محض ایک گیند کا ہی کھیل ہو سکا اور کم روشنی کے باعث امپائرز نے میچ کے خاتمے کا اعلان کر دیا۔ یوں دوسرا ٹیسٹ بغیر کسی نتیجے پر پہنچے اختتام پذیر ہوا۔

بھارت کو پہلے ٹیسٹ میں فتح کی بدولت سیریز میں 1-0 کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے اور تیسرے و آخری ٹیسٹ میں شکست ہونے کی صورت میں بھی وہ سیریز نہیں ہار سکتا۔

قبل ازیں، میچ کے پہلے روز ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو روی رامپال اور کپتان ڈیرن سیمی کے تباہ کن ابتدائی اسپیل نے محض38 پر بھارت کی ابتدائی چاروں وکٹیں ڈھیر کر دیں۔ اس موقع پر مرد بحران وی وی ایس لکشمن نوجوان سریش رائنا کے ساتھ مل کر پانچویں وکٹ پر 117 رنز کی قیمتی شراکت قائم کر کے بھارت کو میچ میں واپس لے آئے۔ تاہم وی وی ایس لکشمن کے 85 اور سریش رائنا کے 53 رنز کے علاوہ کسی بھارتی بلے باز نے قابل ذکر کارکردگی نہیں دکھائی اور بھارت پہلی اننگ میں محض 201 رنز بنا سکا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے روی رامپال، دیوندر بشو اور فیڈل ایڈورڈز نے 3،3 جبکہ ڈیرن سیمی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگ بھی بھارتی اننگ کا ری پلے ثابت ہوئی جس میں اس کی ابتدائی 5 وکٹیں محض 57 رنز پر گر گئیں۔ ویسٹ انڈین بلے باز بھارتی باؤلرز خصوصاً ایشانت شرما کے سامنے بے بس دکھائی دے رہے تھے۔ لیکن یہ مارلون سیموئلز کی 78 رنز کی ناقابل شکست اننگ تھی جس کی بدولت ویسٹ انڈیز اسکور کو 190 تک پہنچانے میں کامیاب ہوا ورنہ اسے محض 201 کے تعاقب میں بڑے خسارے کا سامنا کرنا پڑ سکتا تھا۔ سیموئلز نے 172 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے یہ شاندار اننگ کھیلی۔

بھارت کی جانب سے ایشانت شرما نے 6 جبکہ ابھیمنو متھن نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ایک، ایک وکٹ پروین کمار اور ہربھجن سنگھ کو بھی ملی۔

دوسری اننگ میں بھارت نے اپنی مضبوط بلے بازی کی حقیقی طاقت دکھائی اور لکشمن کی 87 رنز کی ایک بدقسمت اننگ، جس میں بھی وہ سنچری مکمل نہ کر سکے، کے علاوہ راہول ڈریوڈ کی نصف سنچری (55 رنز) اور اوپنر ابھینو مکنڈ کے 48 رنز کی بدولت 269 رنز تک اسکور پہنچا دیا۔ بھارت نے دن کا آغاز 229 رنز کے ساتھ کیا تھا اور اسکور میں مزید 40 رنز کا اضافہ ہونے کے بعد اس نے میچ کو فیصلہ کن بنانےکے لیے اننگز ڈکلیئر کر دی۔ اور ویسٹ انڈیز کو فتح کے لیے 281 رنز کا ہدف دیا۔

دوسری اننگز میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے فیڈل ایڈورڈز نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 76 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اس کے علاوہ واحد وکٹ رامپال نے حاصل کی۔

ایشانت شرما کو میچ میں 10 وکٹیں حاصل کرنے پر بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

سیریز کا تیسرا و آخری ٹیسٹ 6 جولائی سے روسیو، ڈومینکا میں کھیلا جائے گا جہاں جیت یا ڈرا دونوں صورتوں میں سیریز بھارت کے نام ہو سکتی ہے جبکہ ویسٹ انڈیز کو سیریز برابر کرنے کے لیے لازماً جیتنا ہوگا۔

ویسٹ انڈیز بمقابلہ بھارت

دوسرا ٹیسٹ، کینسنگٹن اوول، برج ٹاؤن، بارباڈوس

28 جون تا 2 جولائی 2011ء

نتیجہ: بغیر کسی نتیجے پر پہنچے ختم
مین آف دی میچ: ایشانت شرما
سیریز: بھارت 1 - 0 ویسٹ انڈیز

بھارت بھارت پہلی اننگز رنز گیندیں چوکے چھکے
ابھینو مکنڈ ک سیموئلز ب رامپال 1 9 0 0
مرلی وجے ک با ب رامپال 11 75 0 0
راہول ڈریوڈ ک با ب سیمی 5 21 0 0
وی وی ایس لکشمن ک بارتھ ب بشو 85 146 12 0
ویرات کوہلی ک سیمی ب رامپال 0 2 0 0
سریش رائنا ک بارتھ ب بشو 53 105 7 0
مہندر سنگھ دھونی ک چندرپال ب ایڈورڈز 2 13 0 0
ہربھجن سنگھ ک بارتھ ب ایڈورڈز 5 13 0 0
پروین کمار اسٹمپ با ب بشو 12 18 2 0
ابھیمنو متھن ب ایڈورڈز 0 6 0 0
ایشانت شرما ناٹ آؤٹ 1 6 0 0
فاضل رنز (ب 5، ل ب 4، و 11، ن ب 6) 26
کل رنز 68 اوورز؛ تمام کھلاڑی آؤٹ 201 رنز

 

ویسٹ انڈیز باؤلنگ اوورز میڈن رنز وکٹیں
فیڈل ایڈورڈز 19 2 56 3
روی رامپال 16 6 38 3
ڈیرن سیمی 19 4 52 1
دیوندر بشو 14 1 46 3

 

ویسٹ انڈیز ویسٹ انڈیز پہلی اننگز رنز گیندیں چوکے چھکے
ایڈرین بارتھ ک کوہلی ب شرما 3 17 0 1
لینڈل سیمنز ک دھونی ب کمار 2 10 0 0
رامنریش سروان ایل بی ڈبلیو ب شرما 18 43 2 0
ڈیرن براوو ک دھونی ب متھن 9 21 0 0
دیوندر بشو ک کوہلی ب شرما 13 18 1 0
شیونرائن چندرپال ب متھن 37 117 1 0
مارلون سیموئلز ناٹ آؤٹ 78 172 8 1
کارلٹن با ک ڈریوڈ ب ہربھجن 2 13 0 0
ڈیرن سیمی ایل بی ڈـلیو ب شرما 15 30 1 0
روی رامپال ک وجے ب شرما 0 6 0 0
فیڈل ایڈورڈز ک دھونی ب شرما 0 1 0 0
فاضل رنز (ل ب 3، و 5، ن ب 5) 13
کل رنز 73.5 اوورز، تمام کھلاڑی آؤٹ، 190 رنز

 

بھارت باؤلنگ اوورز میڈنز رنز وکٹیں
پروین کمار 23 3 67 1
ایشانت شرما 21.5 7 55 6
ابھیمنو متھن 15 6 34 2
ہربھجن سنگھ 14 3 31 1

 

بھارت بھارت دوسری اننگز رنز گیندیں چوکے چھکے
ابھینو مکنڈ ک با ب ایڈورڈز 48 81 6 0
مرلی وجے ک با ب رامپال 3 21 0 0
راہول ڈریوڈ ک سروان ب ایڈورڈز 55 171 3 0
وی وی ایس لکشمن ک سیمی ب ایڈورڈز 87 188 8 0
ویرات کوہلی ک سیمی ب ایڈورڈز 27 107 1 0
سریش رائنا ناٹ آؤٹ 12 30 1 1
مہندر سنگھ دھونی ک چندرپال ب ایڈورڈز 5 14 0 0
ہربھجن سنگھ ناٹ آؤٹ 6 8 1 0
فاضل رنز (ب 4، ل ب 9، و 5، ن ب 8 ) 26
کل رنز 94.5 اوورز؛ تمام کھلاڑی آؤٹ 252 رنز

 

ویسٹ انڈیز باؤلنگ اوورز میڈن رنز وکٹیں
فیڈل ایڈورڈز 23 4 76 5
روی رامپال 28 6 72 1
ڈیرن سیمی 24 8 45 0
دیوندر بشو 27 4 63 0

 

ویسٹ انڈیز ویسٹ انڈیز دوسری اننگز (ہدف 281 رنز) رنز گیندیں چوکے چھکے
ایڈرین بارتھ ک رائنا ب شرما 27 64 3 1
لینڈل سیمنز ک ڈریوڈ ب شرما 14 12 3 0
رامنریش سروان ک رائنا ب کمار 8 8 1 0
ڈیرن براوو ک دھونی ب متھن 73 174 8 0
شیونرائن چندرپال ایل بی ڈبلیو ب ہربھجن سنگھ 12 87 0 0
مارلون سیموئلز ایل بی ڈبلیو ب شرما 9 19 1 0
کارلٹن با ناٹ آؤٹ 46 61 5 1
ڈیرن سیمی ایل بی ڈبلیو ب شرما 0 5 0 0
روی رامپال ناٹ آؤٹ 0 1 0 0
فاضل رنز (ب 5، ل ب 6، ن ب 2) 13
کل رنز 71.3 اوورز؛ 7 کھلاڑی آؤٹ 202 رنز

 

بھارت باؤلنگ اوورز میڈنز رنز وکٹیں
پروین کمار 16 6 41 1
ایشانت شرما 19.3 4 53 4
ابھیمنو متھن 13 3 50 1
ہربھجن سنگھ 19 2 42 1
سریش رائنا 4 1 5 0