قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ ستمبر میں راولپنڈی و اسلام آباد میں ہوگا

1 1,274

پاکستان کی 8 علاقائی ٹیموں پر مشتمل فیصل بینک سپر 8 ٹی ٹوئنٹی کے کامیاب انعقاد کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے رواں سال ایک اور ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ ماہ ستمبر میں کروانے کا فیصلہ کیا ہے.

اس مجوزہ ٹورنامنٹ میں کُل 14 ٹیمیں حصہ لیں گی جس میں 11 پاکستانی شہروں کے علاوہ افغانستان کی قومی کرکٹ ٹیم بھی شامل ہوگی. پاکستان کرکٹ بورڈ اس ٹورنامنٹ میں پاکستانی قومی ٹیم کے اہم ستاروں کی شمولیت یقینی بنانے کے لیے بھر بھرپور کوششیں کررہا ہے.

قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ چیمپئن کا ٹائٹل 'راولپنڈی ریمز' کے پاس ہے

ٹورنامنٹ کی میزبانی سپر 8 ٹی ٹوئنٹی کی فاتح راولپنڈی کے ہمراہ اسلام آباد کو سونپی گئی ہے. یہ قومی ٹورنامنٹ دو مختلف میدانوں میں کرایا جائے گا. اس ٹورنامنٹ کی خاص بات کسی بھی غیر ملکی ٹیم کی پہلی بار پاکستان کے قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں شرکت ہے. علاوہ ازیں اس ٹورنامنٹ میں کراچی اور لاہور سے دو، دو ٹیمیں شرکت کریں گی جبکہ دیگر ٹیموں میں اسلام آباد، ایبٹ آباد، راولپنڈی، فیصل آباد، حیدرآباد، کوئٹہ، پشاور، ملتان اور سیالکوٹ کی ٹیمیں شامل ہوں گی.

پی سی کے عہدیدار سلطان رانا نے اس حوالے سے کہا کہ فیصل آباد میں ہونے والے سپر 8 ٹورنامنٹ میں شائقین کی جانب سے بھرپور شرکت اور حوصلہ افزائی کی گئی جس نے ہمیں دیگر شہروں میں ایسا ہی ایونٹ منعقد کرنے کا حوصلہ دیا. انہوں نے مزید کہا کہ ہم ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر دنیا بھر سے ملنے والے متاثر کن ردعمل پر بہت خوش ہیں اور ملک میں لوگوں کی دلچسپی کو بڑھتا ہوا دیکھ رہے ہیں.

ستمبر 2011ء کے تیسرے ہفتے میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے ابتدائی راؤنڈ میں 14 ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں سے 8 بہترین ٹیمیں اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی. یہ ٹورنامنٹ متحدہ عرب امارات میں پاک سری لنکا سیریز کے انعقاد سے قبل کھیلا جائے گا.