ایلسٹر کک کی یادگار اننگز، انگلستان نے سری لنکا کو کچل کر رکھ دیا

1 1,021

انگلستان کے کپتان ایلسٹر کک نے 95 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیل کر خود کو ایک روزہ کرکٹ کے لیے غیر موزوں سمجھنے والے ناقدین کے منہ بند کر دیے اور یوں چوتھے میچ میں انگلستان کو 10 رنز کی شاندار فتح سے نواز سیریز کا فیصلہ پانچویں میچ تک کے لیے ٹال دیا ہے۔ ٹرینٹ برج، ناٹنگھم میں کھیلے گئے بارش سے متاثرہ اس میچ میں انگلش باؤلرز نے کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے سری لنکن بیٹنگ لائن اپ کو کچل کر رکھ دیا اور پوری ٹیم 174 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ ان میں سے 6 کھلاڑیوں کی اننگ تو دہرے ہندسے میں بھی داخل نہ وہ سکی۔ اور جواب میں کک اور کیزویٹر کی 171 رنز کی ناقابل شکست شراکت نے سری لنکا کی سیریز سمیٹنے کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

ایلسٹر کک کی ناقابل شکست اننگ کی بدولت انگلستان سیریز برابر کرنے میں کامیاب ہوا

ابر آلود موسم ہونے کی وجہ سے انگلستان نے ٹاس جیت کے پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور تمام سیمرز نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کیا۔ اگر کمار سنگاکارا کے 75 اور اینجلو میتھیوز کے 39 قیمتی رنز شامل نہ ہوتے تو سری لنکا شاید 100 رنز بھی نہ بنا پاتا۔ وکٹ کیپر بلے باز سنگاکارا نے 107 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 75 رنز بنائے جبکہ میتھیوز 49 گیندوں پر 39 رنز بنانے میں کامیاب رہے جس میں ایک چوکا اور دو چھکے شامل تھے۔ ان دونوں کے علاوہ صرف دو بلے باز سورج رندیو 18 اور اجنتھا مینڈس 11 رنز کے ساتھ دہرے ہندسے میں داخل ہو سکے جبکہ جانے مانےسری لنکن بیٹسمین تلکارتنے دلشان اور گزشتہ میچ کے ہیرو دنیش چندیمال 0، مہیلا جے وردھنے 9 اور تھیلینا کنڈامبی صرف 6 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ سری لنکن ٹیم کنڈیشنز کا بالکل ادراک نہیں کر پائی اور گزشتہ میچ سے یکدم مختلف روپ میں نظر آئی۔

انگلستان کی جانب سے جیمز اینڈرسن اور جیڈ ڈرنباخ نے تین، تین جبکہ ٹم بریسنن اور اسٹورٹ براڈ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں انگلستان نے 175 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو سری لنکن باؤلرز نے اپنے حریف گیند بازوں سے بالکل مختلف طرز کی باؤلنگ کی۔ انہوں نے لائن اور لینتھ سے ہٹی ہوئی باؤلنگ کے ذریعے حریف بلےبازوں کو پورا موقع فراہم کیا کہ وہ ایک مختصر ہدف تک جلد از جلد پہنچ جائیں۔ ایلسٹر کک جنہیں ٹیسٹ کرکٹ کا کھلاڑی سمجھا جاتا ہے انہوں نے بھی اس موقع کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور جارحانہ انداز میں 37 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ درمیان میں 20 منٹ کے لیے کھیل بارش کے باعث بھی رکا رہا جس کی وجہ سے انگلستان کا ہدف 48 اوور میں 171 رنز کر دیا گیا۔ دوسرے اینڈ سے کریگ کیزویٹر بھی جارحانہ موڈ میں نظر آئے انہوں نے سورج رندیو کو چھکا رسید کر کے 48 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔

ایلسٹر کک بدقسمتی سے اپنی تیسری ایک روزہ سنچری مکمل نہ کر سکے اور 75 گیندوں پر 95 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ اس اننگ میں 16 چوکے بھی شامل تھے۔ دوسرے اینڈ پر موجود کریگ کیزویٹر 68 گیندوں پر 3 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 72 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ دونوں کے درمیان 171 رنز کی ناقابل شکست شراکت محض 23.5 اوورز میں بنائی گئی۔ ممکن ہے کہ اگر بارش کی وجہ سے انگلستان کا ہدف کم نہ کیا جاتا تو کک اپنی سنچری مکمل کر جاتے۔

سری لنکا نے 7 باؤلرز آزمائے جو تمام کے تمام بری طرح ناکام رہے اور کوئی بھی باؤلر اپنی کارکردگی سے متاثر نہ کر سکا۔

انگلستان کی اس شاندار کارکردگی کے بعد اب سیریز2-2 سے برابر ہو چکی ہے اور اس کا فیصلہ 9 جولائی کو اولڈ ٹریفرڈ، مانچسٹر میں ہونے والے پانچویں وآخری ایک روزہ میچ میں ہوگا۔

نیٹ ویسٹ سیریز (چوتھا میچ) انگلستان بمقابلہ سری لنکا
تاریخ: 6 جولائی 2011ء مقام: ٹرینٹ برج، ناٹنگھم
نتیجہ: انگلستان 10 وکٹوں سے کامیاب
میچ کا بہترین کھلاڑی: ایلسٹر کک (انگلستان)

سری لنکا رنز گیندیں چوکے چھکے
مہیلا جے وردھنے ک ٹراٹ ب بریسنن 9 12 1 0
تلکارتنے دلشان ک کیزویٹر ب اینڈرسن 0 4 0 0
دنیش چندیمال ایل بی ڈبلیو ب اینڈرسن 0 5 0 0
کمار سنگاکارا ک مورگن ب ڈرنباخ 75 107 7 0
تھیلینا کنڈامبی ک سوان ب اینڈرسن 6 15 1 0
سورج رندیو ک کیزویٹر ب براڈ 18 27 4 0
اینجلو میتھیوز ک و ب بریسنن 39 49 1 2
اجنتھا مینڈس ک کیزویٹر ب براڈ 11 29 1 0
نووان کولاسیکرا ایل بی ڈبلیو ب براڈ 5 7 1 0
لاستھ مالنگا ایل بی ڈبلیو ب ڈرنباخ 0 4 0 0
سورنگا لکمل ناٹ آؤٹ 1 3 0 0
فاضل رنز (ل ب 5، و 5) 10
مجموعہ 43.4 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز
انگلستان باؤلنگ اوورز میڈن رنز وکٹ
جیمز اینڈرسن 8 1 24 3
ٹم بریسنن 9 0 39 2
اسٹورٹ براڈ 8 0 37 2
جیڈ ڈرنباخ 8.4 1 38 3
گریم سوان 10 2 31 0

فاضل رنز(ل ب 1، و 6)7

انگلستان(ہدف 48 اوورز میں 171 رنز) رنز گیندیں چوکے چھکے
ایلسٹر کک ناٹ آؤٹ 95 75 16 0
کریگ کیزویٹر ناٹ آؤٹ 72 68 8 3
مجموعہ 23.5 اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے 240 رنز
سری لنکا باؤلنگ اوورز میڈن رنز وکٹ
نووان کولاسیکرا 3.5 0 36 0
لاستھ مالنگا 5 0 28 0
سورنگا لکمل 2 0 12 0
اینجلو میتھیوز 3 0 22 0
سورج رندیو 5 0 32 0
تلکارتنے دلشان 3 0 21 0
2 0 20 0