شاہد آفریدی کا اعجاز بٹ اور انتخاب عالم کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ

1 1,035

شاہد خان آفریدی نے چیئرمین پی سی بی اعجاز بٹ اور ٹیم منیجر انتخاب عالم کی جانب سے کی جانے والی تنقید کا بھرپور جواب دینے کا فیصلہ کیا ہے. ذرائع کے مطابق سابق کپتان پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے دونوں عہدیداران کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا ارادہ رکھتے ہیں جس پر وہ 17 جولائی کو وطن واپسی کے بعد عمل کریں گے.

اعجاز بٹ اور انتخاب عالم کے بیان پر شاہد آفریدی نے شدید غم و غصہ کا اظہار کیا ہے

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کو انٹر ویو دیتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ پی سی بی چیئرمین اعجاز بٹ نے بذات خود انہیں ٹیم کا کپتان مقرر کیا تھا اور ان کی قیادت کے دوران کرکٹ مبصرین اور شائقین ٹیم کے اتحاد کی تعریفیں بھی کیا کرتے تھے۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ وہ مزید کسی تنازعہ میں الجھنا نہیں چاہتے اس لیے وہ خاموش رہیں گے تاہم اگر الزامات کا سلسلہ جاری رہا تو وہ دفاع کا حق محفوظ رکھتے ہیں. انگلستان میں کاؤنٹی کرکٹ میں مصروف شاہد آفریدی نے کہا کہ انہیں پی سی بی سربراہ کی جانب سے کردار کشی کی کوشش پر بہت افسوس ہوا ہے. آفریدی کے خیال میں اعجاز کا حالیہ بیان ان کی شہرت کو نقصان پہنچانے کی 'مہم' کا حصہ ہے.

دوسری جانب شاہد آفریدی کے قریبی ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی اعجاز بٹ اور ٹیم منیجر انتخاب عالم کے انٹرویوز میں ہونے والی تنقید پر شاہد آفریدی نے 17 جولائی کو وطن واپسی کے بعد قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا ہے. امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ شاہد آفریدی کی جانب سے اعجاز بٹ اور انتخاب عالم کے خلاف ہتک عزت کا دعوی داخل کیا جائے گا جس میں پی سی بی عہدیداران سے آفریدی کے خلاف الزامات ثابت کرنے یا ان سے معافی اور ہرجانے کا مطالبہ کیا جانا متوقع ہے تاہم اس بارے میں حتمی اعلان شاہد آفریدی کی وطن واپسی کے فوری بعد کیا جاسکتا ہے.

یاد رہے کہ ماضی میں شاہد آفریدی کی جانب سے کئی بار کرکٹ بورڈ پر الزامات عائد کیے جاچکے ہیں کہ بورڈ کا سینئر کھلاڑیوں سے رویہ انتہائی نامناسب ہے. رواں سال دورہ ویسٹ انڈیز سے واپسی پر بھی آفریدی نے بورڈ انتظامیہ اور کوچ وقار یونس پر بلاواسطہ تنقید کی تھی جس کے بعد پی سی بی نے سخت اقدام اٹھاتے ہوئے انہیں ٹیم کی قیادت سے فارغ کردیا تھا. بعد ازاں بورڈ کی جانب سے آفریدی سے کیا جانے والا مرکزی معاہدہ منسوخ کردیا گیا اور انہیں ملک سے باہر کرکٹ کھیلنے سے روکتے ہوئے شاہد آفریدی کوڈسپلنری کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کی بھی ہدایت کی تھی جس کے بعد دونوں فریقین عدالت میں گئے. لیکن عدالتی فیصلے سے قبل ہی شاہد آفریدی نے یو ٹرن لیتے ہوئے بورڈ کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے تھے.

بورڈ سے 45 لاکھ کے عوض اجازت نامہ حاصل ہوجانے کے بعد شاہد آفریدی انگلستان سدھار گئے تاہم بورڈ انتظامیہ نے آفریدی کے خلاف محاذ کو گرم رکھا. پہلے انتخاب عالم اور پھر اعجاز بٹ کی جانب سے شدید تنقید کے بعد شاہد آفریدی نے ایک مرتبہ پھر پی سی بی کو بھرپور جواب دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے انہوں نے اپنے قریبی رفقاءاور دوستوں سے مشاورت شروع کردی ہے. اب دیکھنا یہ ہے کہ شاہد آفریدی اپنے بیان پر قائم رہتے ہوئے پی سی بی سے ایک نئی جنگ کا آغاز کرتے ہیں یا پھر یہ معاملہ بھی کسی سیاسی طرز کی مفاہمت اور اگلی غیر ملکی سیریز کے لیے این او سی کے حصول کے ساتھ ہی دم توڑ جائے گا.