ایک روزہ عالمی درجہ بندی؛ سوان سرفہرست باؤلر
انگلستان کے آف اسپنر گریم سوان ایک روزہ کرکٹ کے باؤلرز کی درجہ بندی میں سرفہرست آ گئے ہیں۔
32 سالہ سوان کے سری لنکا کے خلاف حالیہ سیریز میں 8 وکٹیں حاصل کر کے پہلی مرتبہ نمبر ون پوزیشن ہتھیانے کے نتیجے میں نیوزی لینڈ کے ڈینیل ویٹوری بالآخر سرفہرست باؤلر نہیں رہے۔ وہ ستمبر 2009ء سے اول نمبر پر موجود تھے۔
کرک نامہ کو موصول ہونے والے بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے اعلامیہ کے مطابق انگلستان نے سیریز کے پانچویں و آخری ایک روزہ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کو شکست دے کر عالمی درجہ بندی میں تیسری پوزیشن سے بھی محروم کر دیا، اب وہ جنوبی افریقہ کے پیچھے پانچویں نمبر پر چلا گیا ہے جبکہ انگلستان بدستور پانچویں پوزیشن پر براجمان ہے۔
سوان کے ہم وطن جیمز اینڈرسن کا بھی سرفہرست 10 باؤلرز میں شامل ہونے کا امکان پیدا ہو گیا ہے جو 17 درجے پھلانگ کے 11 ویں پوزیشن پر آ گئے ہیں جبکہ سری لنکا کے اجنتھا مینڈس غیر متاثر کن کارکردگی کے باعث تین درجے تنزنی کے ساتھ ٹاپ ٹین سے باہر ہو کر 12 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ ان کے علاوہ سری لنکا کے نووان کولاسیکرا بھی ٹاپ ٹین سے باہر ہو گئے ہیں وہ 10 درجے تنزلی کے بعد 20 ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔ یوں سری لنکں باؤلرز کے لیے یہ سیریز انتہائی مایوس کن رہی۔
گیند بازوں کی عالمی درجہ بندی میں سرفہرست چاروں پوزیشن بدستور اسپنرز کے پاس ہیں جن میں سوان اور ویٹوری کے علاوہ زمبابوے کے رے پرائس تیسرے اور پاکستان کے سعید اجمل چوتھے نمبر پر ہیں۔
بلے بازوں کی فہرست میں ٹاپ پوزیشنیں جنوبی افریقہ کی جوڑی ہاشم آملہ اور اے بی ڈی ولیئرز ہی کے پاس ہیں جبکہ آسٹریلین بلے باز شین واٹسن تیسرے نمبر پر ہیں۔
سیریز میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سری لنکا کے کمار سنگاکارا ایک درجہ ترقی پا کر چوتھے نمبر پر آ گئے ہیں۔ تاہم سری لنکن قائد مایوس کن کارکردگی پیش کرنے کے بعد 6 درجے کی تنزلی کے بعد 9 ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ جہاں وہ آسٹریلوی قائد مائیکل کلارک کے ساتھ موجود ہیں۔
سرفہرست بلے بازوں میں ایک اور تبدیلی انگلستان کے جوناتھن ٹراٹ کی ایک درجہ ترقی کے بعد ساتویں نمبر پر پہنچنے کی صورت میں ہوئی۔
مین آف دی سیریز انگلش کپتان ایلسٹر کک پہلی بار سرفہرست 50 بلے بازوں میں آ گئے ہیں جو اب 48 ویں پوزیشن پر ہیں۔
آل راؤنڈرز کے لیے آئی سی سی کی عالمی درجہ بندی میں آسٹریلیا کے شین واٹسن بدستور سرفہرست ہیں جبکہ بنگلہ دیش کے شکیب الحسن دوسرے اور پاکستان کے شاہد آفریدی تیسرے نمبر پر ہیں۔
ایک روزہ کرکٹ کی تازہ ترین عالمی درجہ بندی ملاحظہ کرنے کے لیے کرک نامہ کا خصوصی صفحہ دیکھئے۔