عالمی کپ 2011ء: انگلستان کے حتمی اسکواڈ کا اعلان

0 1,029

عالمی کپ 2011ء کے لیے فیورٹ سمجھی جانے والی ٹیموں میں سے ایک انگلستان نے عالمی کپ کے لیے اپنے 15 رکنی حتمی دستے کا اعلان کر دیا ہے۔ دستے میں کوئی حیران کن شمولیت یا اخراج شامل نہیں ہے اور بیشتر اراکین وہی ہیں جن کی توقع کی جا رہی ہے البتہ چند ماہرین وکٹ کیپر اسٹیو ڈیویس کی جگہ ٹیسٹ ٹیم کے رکن میٹ پرائیر کی شمولیت کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

اینڈریو اسٹراس عالمی کپ 2011ء میں ٹیم کی قیادت کریں گے (فائل فوٹو: © گیٹی امیجز)
انگلستان کے لیے ایک بری خبر اسپیشلسٹ اسپنر گریم سوان کا زخمی ہو جانا ہے اور وہ آسٹریلیا کے خلاف جاری ایک روزہ مقابلوں کی سیریز سے باہر ہو گئے ہیں تاہم وہ عالمی کپ کے حتمی دستے کا حصہ ہیں اور توقع ہے کہ وہ عالمی کپ تک مکمل فٹ ہو جائیں گے۔ البتہ گریم سوان اور میٹ یارڈی کی مدد کے لیے یا ان کے بیک اپ کے طور پر کینٹ کاؤنٹی کے اسپنر جمیز ٹریڈویل کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ قومی سلیکٹر جیف ملر نے کہا ہے کہ برصغیر کی کنڈیشنز اسپنرز کے لیے سازگار ہوتی ہیں اس لیے مائيکل یارڈی اور گریم اسمتھ کا ساتھ دینے کے لیے جیمز ٹریڈویل کو دستے میں شامل کیا گیا ہے۔ ٹریڈویل بین الاقوامی سطح پر اپنی قابلیت کا مظاہرہ کر چکے ہیں اور ان سے توقع ہے کہ وہ اپنے ساتھیوں کا بھرپور ساتھ دیں گے۔

دوسری جانب آؤٹ آف فارم بلے باز پال کالنگ ووڈ بھی سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں اور بیڈ پیچ کے باوجود عالمی کپ کے لیے پرواز بھرنے والے جہاز میں سوار ہوں گے۔ جیف ملر کا کہنا ہے کہ گو کہ کالنگ ووڈ کچھ عرصے سے بلے بازی وہ کارکردگی نہیں دکھا پا رہے ہیں جو وہ دکھانا چاہتے ہیں تاہم وہ محدود اوورز کی کرکٹ میں عرصہ دراز سے مسلسل بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑی ہیں۔ ان کا تجربہ، ایک روزہ مقابلوں کا علم اور مہارت انہیں دستے کا ایک کارآمد رکن بناتی ہے۔

اسٹورٹ براڈ جو انجری کے باعث آسٹریلیا میں محض دو ٹیسٹ میچز ہی کھیل پائے تھے، ممکنہ طور پر عالمی کپ کے لیے ایکشن میں نظر آئیں گے جبکہ ان کا ساتھ دینے کے لیے اضافی آل راؤنڈر کے طور پر لیوک رائٹ کو منتخب کیا گیا ہے۔ ماہرین رائٹ کے انتخاب پر بھی انگلیاں اٹھا رہے ہیں جو بہت زیادہ مواقع دیے جانے کے باوجود آج تک اپنی اہلیت و قابلیت ثابت نہیں کر پائے۔

جیف ملر کا کہنا ہے کہ "ہم سمجھتے ہیں کہ ہم نے ایک انتہائی متوازن اور شاندار دستہ منتخب کیا ہے۔ کیونکہ اس مرتبہ یہ ایونٹ برصغیر میں منعقد ہو رہا ہے اس لیے ہمیں خاص انداز کی کرکٹ کی ضرورت ہے اس لیے ہم نے کنڈیشنز کو ذہن میں رکھتے ہوئے یہ دستہ ترتیب دیا ہے۔"

انگلستان کا اعلان کردہ دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:
اینڈریو اسٹراس (کپتان)، جیمز اینڈرسن، این بیل، ٹم بریسنن، اسٹورٹ براڈ، پال کالنگ ووڈ، ایون مورگن، کیون پیٹرسن، میٹ پرائیر، اجمل شہزاد، گریم سوان، جیمز ٹریڈویل، جوناتھن ٹروٹ، لیوک رائٹ اور مائیکل یارڈی۔