پاکستان کرکٹ بورڈ اور شاہد آفریدی کے درمیان برف پگھلنے لگی

1 1,038

پاکستان کرکٹ بورڈ اور زیر عتاب کھلاڑی شاہد خان آفریدی کے درمیان برف پگھلتی ہوئی محسوس ہو رہی ہے۔

اعجاز بٹ کی جانب سے شاہد آفریدی کے والد کے لیے پھولوں کا گلدستہ اور نیک خواہشات بھیجی گئی ہیں

کرک نامہ کو ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے شاہد آفریدی سے رابطہ کر کے ان کی والد کی خیریت دریافت کی ہے جو چند دنوں سے شدید علالت کا شکار ہیں۔

شاہد آفریدی اپنے والد کے بیمار ہونے کی وجہ کاؤنٹی کرکٹ چھوڑ کر وطن واپس لوٹے تھے جہاں ان کے والد صاحبزادہ فضل الرحمن دل کے دورے کی وجہ سے آغا خان ہسپتال، کراچی میں انتہائی نگہداشت کے شعبے میں داخل ہیں۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے جمعرات کو شاہد خان آفریدی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور ان سے والد کی خیریت دریافت کی۔جبکہ ساتھ ساتھ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ اعجاز بٹ کی جانب سے جلد صحت یابی کی نیک خواہشات کا پیغام اور پھولوں کا گلدستہ بھی ان کے والد کے لیے بھیجا گیا ہے۔

واضح رہےکہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور شاہد آفریدی کے درمیان انتہائی گرما گرمی چل رہی ہے اور گزشتہ ہفتے اعجاز بٹ کے ایک انٹرویو میں شاہد آفریدی کو قیادت کے لیے نااہل قرار دیتے ہوئے کہا کہ کم از کم ان کے ہوتے ہوئے وہ دوبارہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان نہیں بن سکتے۔ اس کے جواب میں شاہد آفریدی نے قانونی چارہ جوئی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی سی بی ان کی کردار کشی کر رہا ہے اور ان کی شہرت کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ جس کے خلاف وہ 17 جولائی کو وطن واپسی پر معاملہ عدالت میں گھسیٹیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے اس حالیہ خیرسگالی کے اقدام کے بعد شاہد آفریدی کا ردعمل کیا ہوگا، اس کے لیے چند روز انتظار کرنا ہوگا۔