بے حال جنوبی افریقہ کی مدد کے لیے ڈی ولیئرز کی واپسی

1 1,416

بھارت کے خلاف سیریز کے ابتدائی تینوں مقابلوں میں شکست کے بعد جنوبی افریقہ کے لیے امید کی ایک کرن پیدا ہوئی ہے کہ اے بی ڈی ولیئرز باقی تینوں مقابلے کے لیے دستیاب ہیں۔ انگلی میں تکلیف کی وجہ سے 'اے بی' نے ابتدائی تینوں میچز نہیں کھیلے تھے اور اس کا خمیازہ پروٹیز نے بدترین شکست کی صورت میں بھگتا۔

اس وقت سیریز تین-صفر سے کوہلی الیون کی گرفت میں ہے اور چھ مقابلوں کی سیریز میں کم از کم وہ ہار تو نہیں سکتا۔ دوسری جانب جنوبی افریقہ اپنے ہو م گراؤنڈ پر عبرتناک انجام کی طرف بڑھ رہا ہے۔ ڈی ولیئرز کی آمد سے سیریز بچانے کی کچھ امید تو پیدا ہوگئی ہوگی۔ دیکھنا یہ ہے کہ وہ چوتھے مقابلے میں حتمی الیون میں وہ شامل ہوتے ہیں یا نہیں۔

جنوبی افریقہ کے تینوں مقابلے ہارنے کی اہم وجہ بلے بازوں کی ناکامی تھی کیونکہ وہ بھارت کے اسپنرز کلدیپ یادو اور یزویندر چہل کو کے سامنے بے بس نظر آئے۔ ان دونوں باؤلرز نے تین میچز میں صرف 9.05 کی اوسط سے 21 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ عین اس موقع پر ڈی ولیئرز کا آنا جنوبی افریقہ کی بیٹنگ لائن کو سنبھلنے کا موقع دے گا۔

اس وقت جنوبی افریقہ کے کئی کھلاڑی زخمی ہیں، کپتان فف دو پلیسی اور وکٹ کیپر کوئنٹن ڈی کوک بھی سیریز سے باہر ہوگئے ہیں البتہ چوتھے مقابلے میں ہاشم آملا، مورنے مورکل اور کاگیسو رباڈا دستے کا حصہ ہوں گے۔ سب سے دلچسپ بات یہ ہےکہ جنوبی افریقہ یہ مقابلہ گلابی لباس میں کھیلے گا اور جب جب یہ انوکھی کٹ جنوبی افریقہ نے پہنی ہے، اسے شکست نہیں ہوئی۔ کیا بھارت کل یعنی ہفتہ کو تاریخ بدل پائے گا؟