جنوبی افریقہ آج گلابی کِٹ میں کیوں؟

0 1,680

بھارت-جنوبی افریقہ ون ڈے سیریز کا چوتھا مقابلہ جوہانسبرگ کے خوبصورت وینڈررز اسٹیڈیم میں شروع ہو چکا ہے اور آپ دیکھ رہے ہوں گے کہ ایک مرتبہ پھر میزبان جنوبی افریقہ کے کھلاڑی گلابی رنگ کے لباس میں کھیلتے نظر آ رہے ہیں۔ ہر سال اسی میدان پر ہونے والے ایک مقابلے میں جنوبی افریقہ اپنے روایتی سبز رنگ کے بجائے گلابی کٹ کا انتخاب کرتا ہے لیکن ایسا کیوں کیا جاتا ہے؟

یہ دراصل کینسر کے خلاف شعور و آگہی کی مہم کا حصہ ہے اور اس کے ذریعے اس موذی مرض کے مختلف اداروں کے لیے فنڈز اکٹھے کیے جاتے ہیں۔ گزشتہ چند سالوں میں متعدد ملک ایسے 'پنک ون ڈے' کھیل چکے ہیں جن میں خود بھارت بھی شامل ہے جس نے 2013ء میں اسی میدان پر 'گلابی جنوبی افریقہ' کا مقابلہ کیا تھا۔ پاکستان بھی ایسا ہی ایک ون ڈے کھیل چکا ہے۔

اس مرتبہ میچ جوہانسبرگ کے چارلوٹ میکسیک ہسپتال میں سینے کے سرطان کے مریضوں کے لیے فنڈز اکٹھے کرے گا۔ منتظمین کو پوری امید ہے کہ اس مقابلے سے ایک ملین رینڈ (جنوبی افریقی کرنسی) حاصل ہو سکتے ہیں۔ فنڈز اکٹھا کرنے کا ایک اہم ذریعہ کڑوں (bracelets) کی فروخت ہے۔

آج مقابلے میں جہاں جنوبی افریقہ کی ٹیم گلابی لباس میں کھیلے گی، وہیں تماشائیوں کی بھی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے کہ وہ گلابی لباس میں آئیں۔ یہی نہیں ـلکہ سوشل میڈیا پر #PitchUpInPink کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔

کرکٹ پہلو سے دیکھیں تو جنوبی افریقہ آج تک کوئی ایسا ون ڈے نہیں ہارا جہاں وہ گلابی لباس میں کھیلا ہو۔ ویسے ہر سال سڈنی میں ہونے والا نئے سال کا پہلا ٹیسٹ بھی پنک ٹیسٹ کہلاتا ہے جس میں کینسر، بالخصوص سینے کے سرطان، کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے اور اس کے لیے چندہ اکٹھا کرنے کا کام کیا جاتا ہے۔