پاکستان سپر لیگ 3: افتتاحی تقریب کی تفصیلات جاری

0 1,361

شائقین کرکٹ سال بھر سے پاکستان سپر لیگ (PSL) کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں۔ اب جبکہ انتظار کی گھڑیاں ختم ہوا چاہتی ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) نے ٹورنامنٹ کی رنگا رنگ تقریب سے کراچی میں حتمی مقابلے یعنی فائنل میچ تک کی تفصیلات شایع کر دی ہیں۔

کرکٹ بورڈ کے طے شدہ پروگرام کے مطابق پاکستان سپر لیگ 3 کی افتتاحی تقریب 22 فروری کو شام 7 بجے دبئی میں منعقد ہوگی۔ اس تقریب میں قومی اور بین الاقوامی کھلاڑی اپنی اپنی ٹیموں کے ساتھ شرکت کریں گے۔

پاکستان سپر لیگ 3 کی تقریب کو چار چاند لگانے کے لیے متعدد قومی اور بین الاقوامی گلوکاروں کی خدمات بھی لی گئی ہیں۔ ایک جانب مشہور گلوکارہ عابدہ پروین کی صوفیانہ گائیکی اس لیگ کی پاکستان سے وابستگی پیش کرے گی تو دوسری جانب امریکی گلوکار جیسن ڈیرلو اس لیگ کی عالمی جھلک دکھائیں گے۔ علاوہ ازیں سپر لیگ 2 کے آفیشنل نغمے "اب کھیل جمے گا" کے نامور نغمہ گار اور گلوکار علی ظفر امییک مرتبہ پھر اپنی آواز کا جادو جگائیں گے۔ ان کے ساتھ معروف پاکستانی گلوکار شہزاد رائے اور دیگر بھی تقریب کی زینت بڑھائیں گے۔

شائقین کے جوش و ولولے کو مزید بڑھا دینے والی اس شاندار تقریب کے بعد پی ایس ایل 3 کا پہلا میچ کھیلا جائے گا جس میں پشاور زلمی اور ملتان سلطانز مدمقابل ہوں گی۔ یاد رہے کہ پشاور زلمی دفاعی چیمپئن ہے جبکہ ملتان سلطانز پہلی مرتبہ سپر لیگ کا حصہ بنی ہے۔

شیڈول کے مطابق ٹورنامنٹ کے 34 میں سے 31 مقابلے دبئی اور شارجہ میں کھیلے جائیں گے۔ البتہ اختتامی مرحلے کے تین کلیدی مقابلے جن میں دو سیمی فائنل اور فائنل میچ شامل ہے، بالترتیب لاہور اور کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

گزشتہ سال 2017ء میں جب قومی کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل 2 کا فائنل لاہور میں منعقد کرنے کا مشکل فیصلہ کیا تو بہت سے خدشات اور شکوک و شبہات موجود تھے تاہم مذکورہ مقابلے میں بین الاقوامی کھلاڑیوں کی شرکت اور کامیاب انعقاد سے جہاں منتظمین کو حوصلہ ملا ہے وہیں دنیا بھر کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ امید ہے کہ پاکستان میں ہونے والے تینوں مقابلے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کے خاتمے کا باعث بنیں گے۔