پشاور زلمی کی دعوت پر مریض بچے دبئی میں
پاکستان سپر لیگ کی دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی کی دعوت پر پی ایس ایل میچز دیکھنے کے لیے شوکت خانم کینسر ہسپتال کے مریض بچے دبئی روانہ ہوگئے ہیں۔ 13 مریض بچے پشاور زلمی کے مہمان ہوں گے۔
پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے ان مریض بچوں کو پی ایس ایل میچز دیکھنے لیے دبئی آنے کی دعوت دی تھی۔ جاوید آفریدی کا کہنا ہے کہ پشاور زلمی فاؤنڈیشن کے مشن #BringBackSmiles کو آگے بڑھاتے ہوئے اس سال بھی شوکت خانم ہسپتال کے کینسر میں مبتلا ان بچوں کو کرکٹ دیکھنے کے لیے بلایا گیا ہے۔ "ان بچوں کی دبئی آمد ہمارے لیے اعزاز اور حوصلے میں اضافے کا باعث ہوگی۔"
یاد رہے کہ پی ایس ایل ون میں پشاور زلمی نے آرمی پبلک اسکول پشاور کے طلبا اور دوسرے ایڈیشن میں شوکت خانم ہسپتال کے بچوں کو پی ایس ایل دیکھنے لیے مدعو کیا تھا۔