پی ایس ایل – الف سے ے تک

پہلے دو دن میں ہی جاندار مقابلوں کی بدولت پاکستان سپر لیگ کا بخار اپنے عروج پر پہنچ چکا ہے۔ لیکن کیا آپ پی ایس ایل کو اچھی طرح جانتےہیں؟ الف سے لے کر یے تک؟ آئیے آپ کو بتاتے ہیں:
ا سے اسپرٹ ٹرافی
پاکستان سپر لیگ کے دوسرے سیزن میں زیادہ خوبصورت ٹرافی متعارف کروائی گئی جس نے دنیا جہاں میں تعریف و توصیف سمیٹی۔ اس ٹرافی کو 'اسپرٹ ٹرافی' کا نام دیا گیا تھا۔
ب سے برینڈن میک کولم
لاہور قلندرز کے کپتان، جن کی آمد کے بعد لاہوریوں کی قسمت بدلنے کی امید تھی۔ پچھلے سال تو ناکام رہے۔ دیکھتے ہیں اس سال کیا انقلاب لاتے ہیں؟
پ سے پابندی
پاکستان سپر لیگ تنازعات سے خالی بھی نہیں رہی۔ دوسرے سیزن نے جہاں کامیابیوں کے ریکارڈ توڑے وہیں پر اسپاٹ فکسنگ کے تنازع نے بھی جنم لیا۔ نتیجے میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے شرجیل خان اور خالد لطیف پر پانچ، پانچ سال کی پابندیاں لگیں۔
ت سے تمیم اقبال
بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے تمیم اقبال پہلے سیزن میں پشاور زلمی کےکامیاب ترین بیٹسمین رہے تھے۔ انہوں نے 6 میچز میں لگ بھگ 67 کے ایوریج اور 150 کے اسٹرائیک ریٹ سے 267 رنز بنائے تھے۔ اس سال اپنے اعزاز کے دفاع میں پشاور کو تمیم سے بڑی امیدیں ہیں۔
ٹ سے ٹرک
پاکستان سپر لیگ کی نشریات نے بھی شائقین کو نت نئی دلچسپیاں فراہم کیں، جن میں سے ایک ہر چوکے، چھکے، نصف سنچری اور سنچری پر اسکرین پر آنے والا خوبصورت ٹرک ہے، جو پاکستانی ثقافت کی بہترین عکاسی کرتا دکھائی دیتا ہے۔
ج سے جاوید آفریدی
پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی جنہوں نے آج زلمی کو پاکستان کے بڑے برانڈز میں سے ایک بنا دیا ہے۔ اس وقت ان کی ٹیم دفاعی چیمپیئن بھی ہے۔
چ سے چھکے
جی ہاں! وہی شاٹس جو دیکھنے کے لیے ہم میدانوں کا رخ کرتے ہیں بلکہ اب تو کرکٹ کے کرتا دھرتا بھی یہی چاہتے ہیں کہ بہت زیادہ چھکے لگیں۔ دیکھتے ہیں اس بار کتنے لگتے ہیں؟
ح سے حسن علی
پاکستان سپر لیگ کی دریافتوں میں سے ایک پشاور زلمی کے حسن علی، جنہوں نے پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم میں بھی جگہ پائی اور دنیا کے نمبر ایک باؤلر بھی بنے۔ پاکستان کے مستقبل میں ان سے بہت امیدیں ہیں۔
خ سے خواری
جی ہاں! وہی جو لاہور اور کراچی کے پرستاروں نے آخری دو کوالیفائرز اور فائنل کے ٹکٹوں کے لیے اٹھانی ہے۔ گو کہ پی سی بی نے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کا انتظام بھی کیا ہے لیکن معاملہ 'ایک انار، سو بیمار' والا ہے۔
د سے دبئی
متحدہ عرب امارات پچھلے کئی سالوں کی بے وطنی میں پاکستان کرکٹ کا وطن ہے، خاص طور پر دبئی پاکستان کی سرگرمیوں کا مرکز ہے۔ پی ایس ایل کے پہلے سیزن کا فائنل یہاں کھیلا گیا تھا اور اب تک تمام سیزنز کا افتتاحی مقابلہ بھی اس کے خوبصورت میدان پر ہوئی ہے۔
ڈ سے ڈیرن سیمی
پاکستان سپر لیگ کے موجودہ چیمپیئن کیپٹن ڈیرن سیمی، جن کی محبتوں کے پاکستانی دیوانے ہیں۔ گزشتہ سال لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں خوبصورت اسپرٹ ٹرافی انہوں نے ہی اٹھائی تھی اور عزم رکھتے ہیں کہ اس بار کراچی میں بھی ٹرافی انہی کے ہاتھوں میں ہوگی۔
ر سے رئیس
پی ایس ایل کا رئیس، رمّان رئیس! اسلام آباد یونائیٹڈ کے باؤلر نے وکٹ لینے کے منفرد انداز کی وجہ سے پچھلے سال شہرت پائی تھی۔ یہی نہیں بلکہ پچھلے سیزن میں اسلام آباد کے سب سے کامیاب باؤلر بھی تھے۔ 7 میچز میں 12 وکٹوں کے ساتھ۔
ڑ سے کروڑ
ایک بار پھر میدان موجود تماشائیوں کے لیے ایک کروڑ روپے کا انعام جیتنے کا موقع ہے کہ جو بھی تماشائی کسی چھکے پر کیچ پکڑے گا وہ پیپسی کی جانب سے ایک کروڑ روپے کے انعام میں حصہ پائے گا۔
ز سے زلمی
خیبر پختونخوا اور ملک کے دیگر حصوں میں مقیم پشتونوں کے علاوہ جس نے بھی یہ لفظ پہلی بار سنا، یہی بولااس کا مطلب کیا ہے؟ آج یہ پاکستان کے مقبول ترین ناموں میں سے ایک ہے۔ پشاور زلمی آج چیمپیئن ہے، دیکھتے ہیں 25 مارچ کو کون بنتا ہے؟ ہو سکتا ہے زلمی ہی ہو؟
ژ سے ژاں-پال دومنی
پاکستان کے مشہور کمنٹیٹر رمیز راجہ سے جب پوچھا گیا کہ اس سال کون پی ایس ایل کا بہترین کھلاڑی ہوگا؟ انہوں نے ایک نام لیا، جنوبی افریقہ کے ژاں-پال دومنی کا۔ تجربہ کار دومنی واقعی یہ صلاحیت رکھتے ہیں، دیکھتے ہیں اسلام آباد کو کھویا ہوا اعزاز دلا پاتے ہیں یا نہیں؟
س سے سرفراز احمد
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد جو دو مرتبہ فائنل کھیل کر بھی سرفراز یعنی کامیاب نہیں ہوئے۔ پہلے سال اسلام آباد آڑے آ گیا اور پچھلے سال اپنے ہی کھلاڑیوں کا پاکستان آنے سے انکار اور پشاور کی عمدہ کارکردگی۔ ٹیم اب بھی جیتنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے اور سرفراز یہی چاہیں گے کہ اپنے آبائی شہر کراچی میں پی ایس ایل ٹرافی اٹھائیں۔
ش سے شارجہ
متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے دو مرکز ہیں، ایک دبئی اور دوسرا شارجہ۔ یہی وہ میدان ہے جہاں ہمیں زیادہ تر فل ہاؤس میچز دیکھنے کو ملتے ہیں، کئی یادگار مقابلے بھی یہیں پر ملے اور جاندار چھکے بھی۔ اس بار بھی پی ایس ایل کے 13 میچز اسی میدان پر کھیلے جائیں گے۔
ص سے صہیب مقصود
پاکستان سپر لیگ کی چھٹی ٹیم ملتان کے پاس کوئی ملتانی بھی ہونا چاہیے، اس کے لیے انہوں نے منتخب کیا صہیب مقصود کو۔وہی جنہیں دیکھ کر انضمام الحق کی جوانی کی یادآ جاتی ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ یہ فیصلہ کس حد تک درست ثابت ہوتاہے؟
ظ سے ظفر
پاکستان سپر لیگ کے ابتدائي تینوں سیزنز کے ترانے گانے والے گلوکار علی ظفر جنہیں ہم نے ہر بار افتتاحی تقریب میں بھی اپنے فن کا جادو جگاتے ہوئے دیکھا ہے۔
ع سے عمر اکمل
پاکستان سپر لیگ کے پہلے سیزن میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے عمر اکمل لاہور قلندرز کی طرف سے تیسرا سیزن کھیل رہے ہیں۔ کیا اس بار وہ لاہور کی قسمت بدل پائیں گے؟
غ سے غائب
پاکستان کرکٹ منظرنامے پر کچھ کھلاڑی ایسے ہیں جو ڈومیسٹک سرکٹ میں ہمیشہ آگے آگے رہتے ہیں۔ بیٹنگ میں فواد عالم اور باؤلنگ میں صدف حسین لیکن ان سمیت کئی کھلاڑی ایسے ہیں جو کبھی پاکستان سپر لیگ میں نہیں آئے۔ ان تمام "غائبین" کو ہمارا سلام!
ف سے فواد رانا
آپ کا تعلق چاہے کراچی سے ہو، آپ کراچی کنگز کی حمایت ہی کیوں نہ کرتے ہوں اور مقابلہ جب لاہور قلندرز سے ہو تو آپ کا جوش عروج پر ہی کیوں نہ ہو، لیکن ایسا ہو نہیں سکتا کہ آپ کو فواد رانا پسند نہ ہوں۔ رانا صاحب لاہور قلندرز کے مالک ہیں اور پی ایس ایل کے تمام مالکان میں سب سے زیادہ پسند کیے جاتے ہیں۔ اس بار تو ان کا نیا روپ بھی دیکھنے کو ملا ہے، انہوں نے قلندرز سے کے لیے ایک گانا خود بنایا ہے، شاعری بھی ان کی، دھن بھی اور آواز بھی۔ ذرا سنیے:
ق سے قذافی اسٹیڈیم
پاکستان کرکٹ کا مرکز، صدر دفتر اور پاکستان سپر لیگ کے دوسرے سیزن میں فائنل کا میزبان۔ اس بار قذافی اسٹیڈیم دو کوالیفائرز کی میزبانی کرے گا۔
ک سے ایل کلاسیکو
اسپین کی لا لیگا میں بارسلونا اور میڈرڈ کے مقابلے کو 'ایل کلاسیکو' کہا جاتا ہے اور اگر ہم پاکستان سپر لیگ میں کسی مقابلے کو یہ درجہ دینا چاہیں تو یہ صرف ہوگا کراچی بمقابلہ لاہور ، جسے یار لوگوں نے نہاری بمقابلہ پائے بھی کہتے ہیں۔ اس مقابلے نے شاید پاک-بھارت کرکٹ کے جوش کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہوگا۔ اب تک پی ایس ایل میں ان دونوں ٹیموں نے چار مقابلے کھیلے ہیں اور تین میں کراچی جیتا ہے۔ دیکھتے ہیں اس بار دونوں بازیاں کس کے نام رہتی ہیں؟
گ سے گلیڈی ایٹرز
پاکستان سپر لیگ کی سب سے زیادہ مستقل مزاج ٹیم اور حقیقت یہ ہے کہ اسے کبھی زیادہ ریٹ نہیں کیا گیا۔ لیکن یہ پہلے بلکہ دوسرے سیزن میں بھی فائنل تک پہنچی۔ اس بار بھی پہنچنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے، بس آخری دھکا دے کر اس مرتبہ فائنل جیت کر دکھانا ہوگا۔
ل سے لمبے
ملتان کے محمد عرفان، لاہور کے شاہین آفریدی، کراچی کے محمد عرفان جونیئر، یہ تینوں ہیں پی ایس ایل کے "لمبے"، محمد عرفان تو تاریخ کے سب سے طویل قامت باؤلر ہیں اور ان کا جشن کا انداز بڑا خطرناک ہے، وہ وکٹ لینے کے بعد دونوں ہاتھ اوپر ہوا میں اٹھا لیتے ہیں، جو چیلنج ہوتا ہے دیگر ٹیم میٹس کے لیے کہ وہ اس پر تالی ماریں!
م سے مصباح الحق
پاکستان سپر لیگ کے پہلے چیمپیئن، جن کے لیے وہ سال بہت ہی یادگار تھا۔ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے لیے کامیابیاں سمیٹنے کے ساتھ ساتھ ناقابل یقین انداز میں پی ایس ایل ٹائٹل جیتا۔ مصباح الحق اس سال بھی اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان ہیں۔
ن سے نعرے
پاکستان سپر لیگ کے پہلے سیزن کا نعرہ تھا “اب کھیلے کے دکھا دے آج”، پھر 2017ء میں “اب کھیل جمے گا” کا نعرہ لگایا گیا جس نے کافی مقبولیت حاصل کی اور اس بار “دل سے جان لگا دے “ کی آواز بلند کی گئی ہے۔
و سے ویوین رچرڈز
کرکٹ تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں سے ایک سر ویوین رچرڈز پاکستان سپر لیگ کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے گرو ہیں۔ کوئٹہ کی شاندار کارکردگی میں بہت زیادہ اہمیت ان کی موجودگی کی بھی ہے۔ پھر جس طرح میچ کے دوران ہونے والی اونچ نیچ پر وہ اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہیں، وہ قابل دید منظر ہوتا ہے۔
ہ سے ہائیر
پاکستان سپر لیگ میں دلچسپی دکھانے والا پہلا ادارہ۔ جب پہلے سال پی ایس ایل فرنچائزز کی فروخت منسوخ کی گئی تھی، تب جو دو ادارے بولی لگانے کے لیے پہنچے تھے ان میں سے ایک ہائیر تھا۔ آج پشاور زلمی کے مالک انہی کے جاوید آفریدی ہیں۔
ی سے یونائیٹڈ
United We Win، یہ نعرہ ہے اسلام آباد ہے۔ مثالی اتحاد کی بدولت وہ پہلا سیزن تو جیتنے میں کامیاب ہوگئے لیکن دوسرے میں eliminator میں ہار گئے۔ دیکھتے ہیں اس بار ان کا اتحاد کیا نتائج لاتا ہے؟