اسلام آباد کی پہلی کامیابی، ملتان کی پہلی ناکامی

0 1,014

ملتان سلطانز کی پرواز بالآخر اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں تمام ہوئی جس نے ایک لو اسکورنگ مقابلے میں پانچ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی اور یوں پوائنٹس ٹیبل پر اپنا کھاتہ بھی کھول لیا۔ یہ ملتان کی پہلی شکست تھی جو پہلےدونوں میچز میں شاندار کامیابیوں کے بعد سب کی نظروں میں تھا۔

بارش کی وجہ سے یہ مقابلہ نصف گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا اور ابر آلود موسم کی وجہ سے حالات باؤلنگ کے لیے بہت زیادہ سازگار ہوگئے۔ نتیجتاً میچ تو لو اسکورنگ ہوا لیکن ہوا بڑا دلچسپ اور سنسنی خیز۔ مصباح الحق ایک مرتبہ پھر دستیاب نہیں تھے اور قیادت رمّان رئیس کو ہی سنبھالنی پڑی لیکن اس بار پرانی غلطیاں نہیں دہرائیں۔ ٹاس جیت کر شعیب ملک کو دعوت کا پیغام دیا جو اسلام آبادکے لیے بہت مفید ثابت ہوا۔ ملتان کے ان فارم اوپنرز کمار سنگاکارا اور احمد شہزاد میدان میں اترے لیکن اس بارلنکن شیر نہ دھاڑ سکا اور صرف 6 رنزپر ان کی اننگز تمام ہوئی۔ احمدشہزاد کا ساتھ دینے کے لیے ڈیرن براوو اور پھر صہیب مقصود آئے اور دونوں نے جلد گھٹنے ٹیک دیے۔ صرف19 کے مجموعے پر ملتان کے تین اہم بلے باز آؤٹ ہو چکے تھے۔ ابھی احمدشہزاد نے کپتان شعیب ملک کے ساتھ اسکورکو 31 تک ہی پہنچایا تھا کہ اسٹیون فن نے انہیں بھی چلتا کردیا۔

کیرون پولارڈ نے کپتان کا خوب ساتھ نبھایا اور سخت مشکل سے دوچار ٹیم کو کچھ سہارا دیا۔ البتہ 85 کے مجموعے پر 28 رنز بنا کر کیرون کا ٹکٹ بھی کٹ گیا اور ابھی مجموعے کو تہرا ہندسہ عبور کرنے میں 5 رنز درکار تھے کہ شعیب ملک بھی 35 رنز پر نہ صرف خود آؤٹ ہوئے بلکہ ملتان سلطان کے باعزت ہدف کوششوں پر بھی پانی پھر گیا۔ سہیل تنویر مشکل وقت میں کام نہ آئے، یہاں تک کہ ملتان کی پوری ٹیم آخری اوور میں 113 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ گیند بازوں میں رمّان رئیس نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد سمیع اور آندرے رسل نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

پی ایس ایل III کے تمام مقابلوں میں یہ اب تک کا سب سے چھوٹا ہدف تھا جسے اسلام آباد یونائیٹڈکے بلے بازوں نے خود اپنے لیے مشکل بنا دیا۔ لیوک رونکی پہلے ہی اوور میں محمد عرفان کی ایک اٹھتی ہوئی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ 37 کے مجموعے پر صاحبزادہ فرحان اپنی وکٹ عمران طاہرکو تھما گئے۔ چیڈوِک والٹن نے کچھ بہت عمدہ شاٹس کھیل کر دباؤ کو کم کیا اور اسکور کو 50 کا ہندسہ بھی عبور کروایا لیکن عمران طاہر نے بڑھتے قدموں کو پھر روک لگا دی۔ جب آصف علی اور آندرے رسل کی اہم وکٹیں بھی جلد گرگئیں تو لگتا تھا اب اسلام آباد شکست کے بہت قریب پہنچ گیا ہے۔ 63 رنزپرآدھی ٹیم میدان سے واپس آ چکی تھی اور 57 گیندوں پر 51 رنز کی ضرورتاب بھی تھی۔

یہاں پر حسین طلعت نے بہترین اننگز کھیلی۔ تین شاندار چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے انہوں نے صرف 34 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 48 رنز بنائے جبکہ فہیم اشرف نےان کا بہترین ساتھ دیا۔ دونوں نے مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی اور 18 ویں اوور میں ہی اسلام آباد کی نيّا پار لگوا دی۔

پانچ وکٹوں کی اس اہم کامیابی کے ساتھ اسلام آباد نے ٹیبل پر اپنے ابتدائی پوائنٹس حاصل کرکے سانس بحال کرلیا ہے جبکہ ملتان کو اپنی حکمت عملی کو مزید بہتر بنانے کا موقع ملاہے۔ اسلام آبادکو اگلا مقابلہ اب بدھ کو کھیلنا ہے یعنی تازہ دم ہونے کےلیےکافی دن ہیں جبکہ ملتان جمعہ 2 مارچ کو کراچی کنگز کے خلاف کھیلے گا۔