بالآخر کراچی نے بھی شکست کا مزا چکھ لیا

0 1,025

پاکستان سپر لیگ 3 میں اب تک ناقابل شکست رہنے والے کراچی کنگز نے بالآخر شکست کا مزا چکھ ہی لیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنے غیر ملکی بلے بازوں لیوک رونکی اور جے پی دومنی کی شاندار بلے بازی کی مدد سے 8 وکٹوں سے بڑی کامیابی حاصل کی اور یوں گزشتہ مقابلے میں شاندار کامیابی کا تسلسل جاری رکھاہے۔

ایک مرتبہ پھر دبئی منتقلی سے قبل شارجہ میں ہونے والے اس آخری میچ میں ٹاس اسلام آباد نے جیتا اور پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ ابتدائی اوور میں تو یہ فیصلہ بالکل درست معلوم ہوتا تھا لیکن بعد میں حالات بدل گئے اور خدشات بڑھنے لگے۔ خرم منظور اور جو ڈینلی کی اوپننگ جوڑی صرف 6 رنز پر ٹوٹی، جب ڈینلی محمد سمیع کی ایک گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔ جس کے بعد خرم منظور اور بابر اعظم محتاط انداز سے آگے بڑھنے لگے اور ان کی غیر ضروری احتیاط کا ہی نتیجہ تھا کہ نصف اوورز گزرنے کے بعد بھی اسکور 50 رنز تک نہیں پہنچ پایا تھا۔ بہرحال، اگلے اوورز میں دونوں نے باؤلرز کے خوب لتّے لیے یہاں تک کہ دونوں کی نصف سنچریاں بھی مکمل ہوئیں اور 101 رنز کی شراکت داری بھی قائم ہوئی۔ خرم منظور 51 اور بابر اعظم 55 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ یہ بہترین موقع تھا کولن انگرام کے لیے کہ وہ روایتی انداز اپناتے ہوئے اننگز کو پر لگا دیں لیکن امپائر کا فیصلہ بھی انہیں بچا نہیں پایا، ریویو پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ قرار دیے گئے۔ کپتان عماد وسیم بھی صرف 10 رنز بنا پائے۔ آخر میں محمد رضوان نے 9 گیندوں پر 21 رنزبنا کر اسکور کو 150 کا ہندسہ عبور کروایا۔ 20 اوورز مکمل ہوئے تو اسکور بورڈ پر 6 وکٹوں پر 153 رنز جگمگا رہے تھے۔ اسلام آباد کےفہیم اشرف تین وکٹوں کے ساتھ نمایاں باؤلر رہے۔

پی ایس ایل 3 میں اب تک دیکھا جائے تو 154 رنز ایک معقول ہدف تھا لیکن اسے نامعقول بنایا لیوک رونکی اور جے پی دومنی نے۔ اسلام آباد نے حکمت عملی تبدیل کرتے ہوئے اس بار دومنی کو اوپنر کے طور پر بھیجا۔ پہلے اوور میں صرف ایک رن بنا لیکن دوسرے اوور سے ہی رونکی نے اپنا جادو دکھانا شروع کردیا۔ انہوں نے اگلی پچھلی ساری کسریں کراچی کے باؤلرز نے نکالیں۔ نتیجہ یہ نکلا کہ پاور پلے میں ہی اسلام آباد بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے 75 رنز بنا چکا تھا۔ اس کے بعد اسلام آباد کو روکنا کراچی کے باؤلرز کے بس کی بات نہ تھی۔ رونکی نے صرف 37 گیندوں پر 10 چوکوں اور تین چھکوں کے ساتھ 71 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ صرف حسین طلعت کی وکٹ ہی گری یعنی کراچی کے باؤلرز وکٹ کو ترستے ہی رہے اور دومنی نے آصف علی کے ساتھ ہدف عبور کرلیا۔ جے پی دومنی 43 اور آصف علی 26 رنز پر ناقابل شکست واپس آئے۔ رونکی میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

اس ناکامی کے ساتھ ہی کراچی پوائنٹس ٹیبل پر پہلے سے دوسرے نمبر پر چلا گیا ہے۔ اب پہلی پوزیشن پر ملتان سلطانز کا قبضہ ہے جبکہ اسلام آباد چھ پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ ویسے دونوں ٹاپ ٹیموں ملتان اور کراچی کو اپنی واحد شکست اسلام آباد کے ہاتھوں ہی ملی ہے یعنی اس کے اگلے میچز بہت دلچسپ صورت حال پیدا کر سکتے ہیں۔