وارنر پابندی کے قریب، ڈی کوک ڈٹ گئے

0 1,047

جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان ڈربن میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ بہت متنازع انداز میں اختتام کو پہنچا ہے کیونکہ مقابلے کے دوران ہم نے آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر اور جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر کوئنٹن ڈی کوک کو بری طرح الجھتے ہوئے دیکھا۔ بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے اس معاملے کی تحقیقات کے بعد ڈیوڈ وارنر پر تین ڈی میرٹ پوائنٹس لگائے ہیں اور انہیں میچ فیس کے 75 فیصد جرمانے کی سزا بھی سنائی ہے۔ اس کا اعلان وارنر کی جانب سے اعتراف پر لگایا گیا جبکہ ڈی کوک نے خود پر لگائے گئے الزامات کی تردید کی ہے اور ان کا معاملہ ابھی مزید چلے گا۔

یہ واقعہ چوتھے روز چائے کے وقفے کے بعد تب پیش آیا جب دونوں ٹیمیں کنگزمیڈ، ڈربن کے ڈریسنگ رومز کو جانے والی سیڑھیوں پر تھے۔ وڈیو فوٹیج میں دیکھا گیا کہ وارنر اور ڈی کوک کے درمیان زبانی تکرار ہو رہی تھی۔

آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ وارنر کو تب غصہ آیا جب ڈی کوک نے ان کی اہلیہ کے بارے میں نازیبا کلمات ادا کیے، لیکن وارنر نے میچ ریفری جیف کرو کے روبرو خود پر لگائے گئے الزامات کا اقرار کیا اور اب وہ پابندی سے صرف ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دور ہیں۔ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر انہیں 75 فیصد جرمانہ بھی دینا ہوگا۔ کیونکہ وارنر نے اقرار کیا اس لیے اس معاملے پر مزید کوئی سماعت نہیں ہوگی۔

دنیا کی دو بہترین ٹیموں کے درمیان یہ سیریز بہت گرماگرمی میں کھیلی جا رہی ہے۔ ان سے پہلے جنوبی افریقہ کے کپتان فف دو پلیسی اور فاسٹ باؤلر کاگیسو رباڈا بھی ڈی میرٹ پوائنٹس حاصل کر چکے ہیں اور مزید کسی سے الجھے تو پابندی کا سامنا کرنا ہوگا۔

ڈی کوک کے معاملے کی سماعت اب پورٹ ایلزبتھ میں ہوگی جہاں ٹیمیں دوسرا ٹیسٹ کھیلیں گی۔ کیونکہ ان پر لیول ون کی خلاف ورزی کا الزام ہے، اس لیے انہیں زیادہ سے زیادہ جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔ جنوبی افریقہ کا کہنا ہے کہ یہ بھی ان کے ساتھ ناانصافی ہوگی کیونکہ وڈیو ثبوت سے صاف پتہ چل رہا ہے کہ خلاف ورزی کس نے کی جبکہ آئی سی سی بھی وڈیو فوٹیج کو ہی واحد شہادت کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈی کوک نے وارنر کی زبان درازی پر کوئی جواب نہیں دیا اور اسی کو جنوبی افریقہ اپنے حق میں استعمال کررہا ہے۔