شاہد آفریدی 16 سال کا بچہ ہے؛ گوتم گمبھیر
بھارت کے گوتم گمبھیر پاکستان کے شاہد آفریدی سے کتنا کینہ و بغض رکھتے ہیں اس کا اندازہ ان کے تازہ ترین بیان سے ہو گیا ہے جس میں انہوں نے شاہد آفریدی کو 16 سال کا بچہ قرار دیا ہے۔
بھارت کے "مشہور زمانہ" انڈیا ٹی وی کے پروگرام "آپ کی عدالت" میں گمبھیر نے روایتی حریف آفریدی کو خوب آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ شاہد کا رویہ اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں جیسا بچکانہ ہے اور وہ ذہنی طور پر ابھی تک بڑے نہیں ہوئے بلکہ اب بھی 16 سال کے ہیں۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان عالمی کپ 2011ء کے سیمی فائنل میں فتح کے بعد گمبھیر نے اس فتح کو 2008ء کے ممبئی دہشت گرد حملوں میں جان گنوانے والے افراد سے موسوم کیا تھا۔ کیونکہ بھارت نے پاکستان پر ان حملوں کا الزام لگا کر کرکٹ تعلقات ختم کر لیے تھے اس لیے ممبئی حملے دونوں ممالک کے درمیان تنازع کا سبب تھے اور اس متنازع سمت اشارہ کرنے کا مطلب واضح طور پر یہ تھا کہ گمبھیر نے ممبئی حملوں کا بدلہ سیمی فائنل میں لیا۔ شاہد آفریدی نے گمبھیر کی اس حرکت پر کہا کہ گمبھیر کے بیان سے ثابت ہو گیا کہ بھارت کے لوگ پاکستانیوں کی طرح کشادہ دل نہیں ہیں، پاکستانی سب کچھ بھلا کر دوستی کا ہاتھ بڑھاتے ہیں لیکن ہندوستان سے انہیں ایسا جواب نہیں ملتا۔ آفریدی کے اس بیان پر بھارتی ذرائع ابلاغ نے ایک ہنگامہ برپا کر دیا اور شاہد آفریدی کا زبردست میڈیا ٹرائل کیا گیا۔
گمبھیر نے کہا کہ ممبئی حملوں کے شکار افراد کو خراج تحسین پیش کرنا میرا ذاتی معاملہ ہے۔
گمبھیر اور شاہد آفریدی کے درمیان گرما گرمی کوئی نئی بات نہیں ہے۔ 2007ء کے دورۂ بھارت کے دوران ایک ون ڈے میچ میں گوتم گمبھیر گالیاں بکتے ہوئے شاہد آفریدی سے الجھ پڑے تھے جس پر بعد ازاں انہیں ایک میچ کی پابندی بھی بھگتنا پڑی۔ اس واقعے کو یاد کرتے ہوئے گمبھیر نے کہا کہ اب مجھے احساس ہوتا ہے کہ مجھے چـھوٹی چھوٹی باتوں پر آپے سے باہر نہیں ہو جانا چاہیے تھا تاہم انہوں نے الزام لگایا کہ اس میچ میں شاہد آفریدی نے انہیں گالیاں بکی تھیں۔ تاہم وہ اس موضوع پر مزید کجھ نہیں کہیں گے۔
یہ گمبھیر ہی تھے جنہوں نے ایشیا کپ کے دوران پاکستان کے وکٹ کیپر کامران اکمل سے الجھ کر اپنی طبیعت کی تندی و تیزی کا ایک اور مظاہرہ پیش کیا تھا۔ امپائرز اور کھلاڑیوں کے درمیان آ جانے کے بعد معاملہ حل ہوا۔ گمبھیر نے کہا کہ اس میچ میں کامران اکمل وکٹوں کے پیچھے حد سے زیادہ بول رہے تھے اور اپیلیں کر رہے تھے۔ بلکہ صرف کامران ہی نہیں پاکستان کے تمام کھلاڑیوں کو حد سے زیادہ اپیلیں کرنے کی عادت ہے۔ دنیا کے بیشتر وکٹ کیپر ایسا نہیں کرتے، آپ بھارتی وکٹ کیپر مہندر سنگھ دھونی کو دیکھ لیں۔
اگلے سال مارچ میں متوقع پاک بھارت سیریز کے حوالے سے گمبھیر نے کہا کہ پاک بھارت مقابلے ان کی نظر میں ایشیز سے کہیں زیادہ اہم اور بڑے مقابلے ہیں۔ پاکستان کے خلاف کھیل کر اور رنز اسکور کر کے انہیں بہت خوشی ہوتی ہے، بلکہ پاک بھارت میچ میں پوری قوم ہی کا رویہ جارحانہ ہو جاتا ہے۔
گوتم گمبھیر بھارت کی موجودہ ٹیم کے نائب کپتان ہیں اور عالمی کپ 2011ء جیتنے میں ان کا اہم کردار رہا کیونکہ انہوں نے فائنل میں 97 رنز کی اہم ترین اننگز کھیلی تھی۔