قومی ٹیم میں نوجوانوں کی شمولیت کا امکان روشن

0 1,025

پاکستان سپرلیگ کے جاری سیزن میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے مقامی نوجوانوں کو محنت کا پھل فوراً مل سکتا ہے کیونکہ کیونکہ قومی سلیکشن کمیٹی نے عندیہ دیا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ٹی20 میچز کی سیریز میں نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ موقع فراہم کیا جائے گا۔ اس حوالے سے کمیٹی میں سنجیدہ مشاورت کا عمل جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق جن تجربہ کار کھلاڑیوں کے باہر ہونے کے امکانات ہیں ان میں سر فہرست محمد حفیظ کا نام ہے، جو اس سال بھی پشاور زلمی کی طرف سے کھیل رہے ہیں لیکن اب تک کارکردگی سے متاثر نہیں کر پائے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے رمّان رئیس زخمی ہونے کی وجہ سے پہلے ہی سیزن سے باہر ہو چکے ہیں اور پاک-ویسٹ انڈیز سیریز بھی نہیں کھیل پائیں گے۔ اس لیے متاثر کن کارکردگی دکھانے والے کراچی کنگز کے عثمان شنواری اور ملتان سلطانز کے محمد عرفان کی واپسی کے امکانات روشن ہیں۔ عرفان نے ملتان کی طرف سے تمام 10 مقابلوں میں حصہ لیا۔

پی ایس ایل IIIمیں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے والے نمایاں کھلاڑیوں میں اسلام آباد کے آصف علی اور حسین طلعت اور لاہور کے آغا سلمان نمایاں ہیں۔ ان تینوں کھلاڑیوں کے ناموں پر سلیکشن کمیٹی غور کر سکتی ہے۔ کپتان سرفراز احمد بھی مستقبل کے پیش نظر قومی دستے میں نئے کھلاڑیوں کی شمولیت کے حق میں ہیں۔

یاد رہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی مقابلے یکم سے 3 اپریل تک کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوں گے۔ یہ پہلا موقع ہوگا کہ 9 سال بعد کراچی میں بین الاقوامی کرکٹ کھیلی جائے گی۔