نیپال کو ون ڈے انٹرنیشنل اسٹیٹس مل گیا

0 1,033

نیپال نے تاریخ میں پہلی بار ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنے کا درجہ حاصل کر لیا ہے۔ ورلڈ کپ 2019ء کے لیے زمبابوے میں جاری کوالیفائرز میں پاپوا نیو گنی کے خلاف کامیابی نے ان کو یہ درجہ دلانے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور ساتھ ہی وہ نیدرلینڈز کے بھی شکر گزار ہوں گے جس نے ہانگ کانگ کو شکست دے کر نیپال کی راہ ہموار کی۔

اس تاریخی کامیابی میں دیپندر سنگھ ایری کا کردار اہم رہا جنہوں نے صرف 14 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں اور پھر ایک شاندار نصف سنچری بھی بنائی۔ فاتحانہ چھکا بھی ایری ہی نے لگایا اور یوں ایک یادگار مقابلے پر حاوی نظر آئے۔

اس شکست کے ساتھ ہی نیو گنی، اور ہانگ کانگ سے بھی، ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنے کا درجہ واپس لے لیا جائے گا۔

نیپال کو پہلی بار 1988ء میں بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے affiliate اسٹیٹس دیا تھا۔ 1996ء میں ایسوسی ایٹ درجے تک ترقی ملی۔ 2008ء میں نیپال ورلڈ کرکٹ لیگ ڈویژن 5 میں تھا اور دو سال بعد وہ اس ڈویژن کا فاتح بنا۔ 2010ء میں وہ ڈویژن 4 میں تیسرے نمبر پر آیا اور 2012ء میں چیمپیئن بنا البتہ 2013ء اس کے لیے ایک انقلابی سال ثابت ہوا جب انہوں نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کوالیفائر میں جگہ پائی اور متحدہ عرب امارات اور ہانگ کانگ کے ساتھ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کھیلا ۔ 2013ء میں ورلڈ کرکٹ لیگ کا ٹائٹل بھی جیتا اور ورلڈ کرکٹ لیگ چیمپیئن شپ کے لیے بھی کوالیفائی کرگئے لیکن 14 میچز میں صرف 4 فتوحات کی وجہ سے تنزلی پائی۔ ورلڈ کرکٹ لیگ ڈویژن 2 میں رواں سال کے اوائل میں انہیں متحدہ عرب امارات سے شکست ہوئی ۔

افغانستان کے عروج کی جانب سفر کے ساتھ ہی نیپال کی بھی آمد ظاہر کرتی ہے کہ جنوبی ایشیا میں کرکٹ بلاشرکت غیرے مقبول ترین کھیل ہے۔ بھارت سے پاکستان اور پھر سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان سےیہ کھیل اب نیپال میں بھی مقبولیت حاصل کر رہا ہے۔