دورۂ زمبابوے کے لیے بنگلہ دیشی دستے کا اعلان

1 1,012

بنگلہ دیش نے دورۂ زمبابوے کے لیے 15 رکنی دستے کا اعلان کر دیا ہے جس میں ناصر حسین اور شواگتو ہوم جیسے نئے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے جبکہ رقیب الحسن کی جگہ محمد اشرفل ٹیم میں واپس بلائے گئے ہیں۔

بنگلہ دیش نے عالمی کپ میں ملی جلی کارکردگی کا مظاہرہ کیا

رنگ پور سے تعلق رکھنے والے 19 سالہ ناصر گزشتہ چند سالوں میں شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پیش کر کے کافی شہرت حاصل کر چکے ہیں۔ انہوں نے بنگلہ دیشی دستے میں شمولیت کو خواب کی تعبیر کہا ہے۔

چیف سلیکٹر اکرم خان نے ناصر کے مستقبل کو روشن قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ وہ دیگر تمام آل راؤنڈرز سے کہیں زیادہ اچھے ہیں۔

توقع کے مطابق بنگلہ دیش نے اشرفل اور جنید صدیق کو واپس ٹیم میں بلایا ہے۔ اشرفل عالمی کپ 2011ء میں ناقص کارکردگی کے بعد اپریل میں آسٹریلیا کے خلاف ایک روزہ سیریز کے لیے ٹیم سے باہر کر دیے گئے تھے۔

دستے کی قیادت شکیب الحسن کریں گے جبکہ تمیم اقبال نائب کپتان ہوں گے۔

بنگلہ دیش ایک ٹیسٹ اور 5 ایک روزہ بین الاقوامی میچز کھیلنے کے لیے زمبابوے کا دورہ کرے گا جس کا آغاز 30 جولائی سے زمبابوے الیون کے خلاف سہ روزہ میچ سے ہوگا۔

اعلان کردہ دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

شکیب الحسن (کپتان)، تمیم اقبال (نائب کپتان)، امر القیس، جنید صدیق، ربیع الاسلام، روبیل حسین، شفیع الاسلام، شواگتو ہوم، شہریار نفیس، عبد الرزاق، محمد اشرفل، محمود اللہ، مشفق الرحیم، ناصر حسین اور نظم الحسین۔