افغانستان بھی ورلڈ کپ 2019ء میں پہنچ گیا

0 1,045

ویسٹ انڈیز کے بعد افغانستان نے بھی عالمی کپ 2019ء تک رسائی حاصل کرلی ہے۔ اپنے آخری مقابلے میں افغانستان نے آئرلینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دی۔

پہلے بلے بازی کرتے ہوئے آئرلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں پر 209 رنز بنائے۔ آئرش بلے باز مجموعی طور پر افغانستان کے سامنے بے بس دکھائی دیے البتہ اوپنرز نے 53 رنز کا قدرے بہتر آغاز فراہم کیا۔ پال اسٹرلنگ نے 55 رنز بنائے۔ ان کے بعد او برائن برادرز نیال اورکیون نے بالترتیب 36 اور 41 رنز کا اضافہ کیا اور مجموعے کو 209 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ افغانستان کی طرف سے راشد خان3 اور دولت زدران 2 وکٹوں کے ساتھ نمایاں رہے۔

ہدف کے تعاقب میں افغانستان نے اوپنر محمد شہزاد کی نصف سنچری کی بدولت ابتداء ہی 86 رنز کی شراکت داری سے کی اور اور جیت کی راہ آسان بنا دی۔ دوسرے اینڈ سے گلبدین نائب نے عمدہ بلےبازی سے 45 رنز کا اضافہ کیا ۔ آخر میں کپتان اصغر ستانکزئی اور نجیب اللہ کی جوڑی نے ناقابل شکست رہتے ہوئے ہدف عبور کرلیا۔

پانچ وکٹوں کی اس کامیابی کے ساتھ ہی افغانستان ورلڈ کپ کوالیفائرز کے فائنل میں پہنچ گیا اور ساتھ ہی عالمی کپ 2019ء کے لیے کوالیفائی بھی کرلیا۔ ایک ایسے مرحلے سے، جہاں باہر ہو جانا تقریباً یقینی تھا، قسمت نے افغانستان کا ساتھ دیا اور اسے ٹورنامنٹ میں واپس آنے کا موقع مل گیا۔ آئرلینڈ کے خلاف اس مقابلے میں کامیابی حاصل کرکے اس نے اس موقع کا پورا پورا فائدہ اٹھایا اور اب اگلے سال انگلینڈ میں ہونے والے میگا ایونٹ میں شرکت کرے گا۔

محمد شہزاد کو میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ ملا، وہی شہزاد جو دو میچز کی پابندی کی وجہ سے پچھلے مقابلوں میں نہیں کھیلے تھے۔ اس بار خود کو ثابت کر دکھایا۔ جس ٹیم نے ٹورنامنٹ کا آغاز مسلسل تین شکستوں سے کیا، یہاں تک کہ ہانگ کانگ سے بھی ہاری، مسلسل چار کامیابیاں حاصل کرکے فائنل تک پہنچی ہے جس پر اسے جتنی داد دی جائے کم ہے۔ اب افغانستان اتوار کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ورلڈ کپ کوالیفائر کا فائنل کھیلے گا، دیکھتے ہیں یہاں افغانستان جیتتا ہے یا ویسٹ انڈیز کو کامیابی ملتی ہے۔