بال ٹیمپرنگ تنازع، آسٹریلیا کے کپتان اور نائب کپتان مستعفی
اسٹیون اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر نے کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں بال ٹیمپرنگ تنازع سامنے آنے کے بعد اپنے اپنے عہدوں سے استعفا دے دیا ہے۔ اسمتھ نے تیسرے روز کے اختتام پر اعتراف کیا تھا کہ گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ ایک مشترکہ منصوبہ تھی، جس کے بعد حکومت آسٹریلیا نے ان سے مطالبہ کیا کہ وہ عہدہ چھوڑ دیں۔ اب کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے آخری دو دنوں کے لیے وکٹ کیپر ٹم پین قیادت کے فرائض نبھائیں گے۔
کرکٹ آسٹریلیا کے سربراہ جیمز سدرلینڈ نے چوتھے دن کے کھیل سے قبل کہا ہے کہ "اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر کے ساتھ گفتگو کے بعد دونوں بالترتیب کپتان اور نائب کپتان کے عہدے چھوڑنے پر راضی ہیں۔ جیسا کہ پہلے بھی کہا گیا کہ کرکٹ آسٹریلیا اور ملک کے کرکٹ پرستار ملک کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑیوں کو مطلوبہ معیار پر پورا اترتے دیکھنا چاہتے ہیں اور اس موقع پر وہ اس معیار سے گرگئے۔ تمام آسٹریلوی، ہماری طرح، ان سوالوں کے جواب چاہتے ہیں اور تحقیقات میں جو بھی نتائج پائے گئے، انہیں ترجیحی بنیادوں پر سامنے لایا جائے گا۔"
اب نیولینڈز میں کھیل کے باقی دو دنوں میں اسمتھ اور وارنر ٹم پین کی قیادت میں کھیلیں گے جبکہ معاملے کی تحقیقات جاری رہیں گی۔