پی ایس ایل 4 کے مقابلے چار پاکستانی شہروں میں ہوں گے، نجم سیٹھی

0 1,034

پاکستان سپر لیگ 3 کے اختتامی مقابلوں کے پاکستان میں کامیاب انعقاد سے انتظامیہ کو زبردست اعتماد حاصل ہوا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اب پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نہ صرف پی ایس ایل 4 کے آدھے مقابلے پاکستان ہی میں کرنے کی نوید سنا رہے ہیں بلکہ لاہور اور کراچی کے علاوہ دیگر شہروں کو بھی میزبانی کا اعزاز دینے کی بات کر رہے ہیں۔

نجم سیٹھی نے پی ایس ایل 3 فائنل کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں ہونے والے میچ نے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے کھول دیے ہیں۔ اس کا ایک ثبوت آنے والے دنوں میں ویسٹ انڈیز کی آمد سے حاصل ہوگا جو کراچی میں تین ٹی ٹوئنٹی مقابلے کھیلے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ سال پی ایس ایل 4 کے مقابلے دبئی کے علاوہ پاکستان کے چار شہروں میں منعقد کروائے جائیں گے۔ ان شہروں میں کراچی، لاہور، ملتان اور حیدرآباد شامل ہوں گے۔

غیر ملکی کھلاڑیوں کی پاکستان آمد سے متعلق شکوک و شبہات پر بات کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ کھلاڑیوں اور ٹیموں کے درمیان معاہدے میں پاکستان آنے کی شق شامل ہوتی ہے تاہم پاکستان نہ آنے والوں کے لیے گنجائش بھی دی جاتی ہے۔ البتہ انہوں نے یقین دہانی کروائی کے وہ مستقبل میں تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کی پاکستان آمد یقینی بنانے کی کوشش کریں گے۔