انگلستان نے پہلے ٹیسٹ کے لیے دستے کا اعلان کر دیا

1 1,011

انگلستان نے بھارت کے خلاف سیریزکے پہلے ٹیسٹ کے لیے اپنے 12 رکنی دستے کا اعلان کر دیا ہے۔ جس میں اسٹیون فن کی جگہ ٹم بریسنن کو طلب کر لیا گیا ہے جبکہ اسٹورٹ براڈ ناقص کارکردگی کے باوجود اپنی جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ہیں۔

اسٹورٹ براڈ کو 12 رکنی دستے میں شامل کیا گیا ہے

کرک نامہ کو انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی جانب سے موصول ہونے والے اعلامیہ کے مطابق دستے کی قیادت بدستور اینڈریو اسٹراس کریں گے جبکہ ایشیز کے بعد زخمی ہو جانے اور ٹیسٹ کرکٹ سے محروم رہنے والے ٹم بریسنن کو طلب کیا گیا ہے۔ ان کی واپسی کا مطلب ہے کہ اب اسٹیون فن کی کوئي جگہ نہیں بچی۔

دوسری جانب اسٹورٹ براڈ، جنہیں ناقص کارکردگی کے باعث سری لنکا کے خلاف آخری ایک روزہ میچ کے لیے ٹیم سے باہر کر دیا گیا تھا، کی حالیہ کارکردگی نے ٹیم میں ان کی واپسی کی راہ ہموار کی ہے۔ تاہم سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں براڈ نے مایوس کن کارکردگی دکھائی اور پوری سیریز میں صرف 8 وکٹیں حاصل کیں۔ البتہ حتمی الیون میں شمولیت کے لیے انہیں ٹم بریسنن کو زیر کرنا ہوگا جنہوں نے گزشتہ ایشیز سیریز کی فتح میں اہم ترین کردار ادا کیا تھا۔

انگلستان کے قومی سلیکٹر جیف ملر نے کہا کہ "دنیا کی دو بہترین ٹیسٹ ٹیموں کے درمیان یہ بہت شاندار سیریز ہوگی اور میں جانتا ہے کہ انگلستان کی ٹیم کی نظریں ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی نمبر ایک ٹیم سے مقابلے کے چيلنج پر مرکوز ہیں۔"

انہوں نے کہا کہ "سری لنکا کے ٹیسٹ اور ایک روزہ دونوں سیریز میں کامیابی کے بعد ہم ٹم بریسنن کی ٹیسٹ اسکواڈ میں شمولیت پر خوشی محسوس کر رہے ہیں جو ران کے پٹھے کی انجری سے صحت یاب ہو چکے ہیں< ٹم جیمز اینڈرسن، کرس ٹریملٹ اور اسٹورٹ براڈ کے ساتھ مل کر انگلش پیس اٹیک کو اور مضبوط کریں گے۔

انگلستان اور بھارت کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ 21 جولائی سے لارڈز میں شروع ہوگا۔ اس ٹیسٹ میں جہاں سخت مقابلے کی توقع ہے وہیں اس کی تاریخی حیثیت بھی ہے۔ یہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا 2 ہزار واں اور بھارت-انگلستان کا 100 واں ٹیسٹ ہوگا۔

اعلان کردہ دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

اینڈریو اسٹراس (کپتان)، اسٹورٹ براڈ، ایلسٹر کک، این بیل، ایون مورگن، ٹم بریسنن، جوناتھن ٹراٹ، جیمز اینڈرسن، کرس ٹریملٹ، کیون پیٹرسن، گریم سوان اور میٹ پرائیر۔