کراچی پریمیئر لیگ سے اظہار لاتعلقی
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کراچی میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کراچی پریمیئر لیگ سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی سی بی سے وابستہ کسی فرد کو اس لیگ میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہے۔
بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کراچی پریمیئر لیگ ایک نجی ٹورنامنٹ جو معیز بن زاہد کی جانب سے منعقد کیا جارہا ہے۔ مذکورہ لیگ کو پی سی بی کی ٹورنامنٹ ایویلوئیشن کمیٹی کی توثیق حاصل نہیں اور یہ پاکستان کرکٹ بورڈ (قوانین برائے نجی کرکٹ مقابلوں) 2012 کے تحت ’’غیر منظور شدہ‘‘ ہے۔
علاوہ ازیں اعلامیے میں پاکستان کرکٹ بورڈ سے وابستہ تمام کھلاڑیوں، کوچز، ٹرینیرز، سیلیکٹرز اور ٹیم مالکان و عہدیداران، معالجین اور دیگر وابستہ عملے کے علاوہ میچ ریفری، پچ کیوروٹر اور امپائرز کو بھی کراچی پریمیئر لیگ میں شرکت سے روک دیا ہے۔
ساتھ ہی یہ انتباہ بھی جاری کیا گیا ہے کہ مذکورہ لیگ میں شرکت کرنے والوں کے خلاف پی سی بی کے قواعد و قانون کے مطابق ضابطے کی خلاف ورزی کے تحت کارروائی کی جاسکتی ہے۔