کوہلی کا مجسمہ اب مادام تساؤ عجائب گھر میں

0 1,314

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی کا مومی مجسمہ اب جلد مادام تساؤ عجائب گھر، دہلی میں نظر آئے گا۔ ان سے پہلے کھیلوں سے منسلک تین شخصیات کپل دیو، سچن تنڈولکر اور فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو کے مجسمے اس عجائب گھر میں موجود ہیں۔

ویراٹ کوہلی نے مادام تساؤ کے اس عجائب گھر میں اپنے مجسمے میں شمولیت کے متعلق کہا کہ یہ میرے لیے بہت بڑا اعزاز ہے جس پر میں میوزیم کی ساری ٹیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ٹیم نے دوران پیمائش بہت صبر سے کام لیا اور مجھے امر کرنے میں ساتھ دیا۔

اس کام کے لیے مادام تساؤ میوزیم کے ماہرین کی خصوصی ٹیم لندن سے بھارت پہنچی۔ جس نے بھارتی قائد کی 200 مختلف زاویوں سے پیمائش کی۔

جنرل مینجر مرلن انٹرٹینمنٹ انڈیا انشول جین کے بتایا کہ ویراٹ کو بھارت میں بہت زیادہ عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اس لیے ہم نے ان کا انتخاب کیا۔ ہمیں یقین ہے ان کے دنیا بھر میں موجود پرستاروں کے لیے یہ بڑی خوشی کی خبر ہو گی اور اب ہر فرد کوہلی کے ساتھ سیلفی کی تمنّا بھی پوری کر سکیں گے۔

مادام تساؤ میوزیم کی دنیا بھر کے کئی شہروں لندن، نیویارک، اورلینڈو، ایمسٹرڈیم، برلن، ویانا، بینکاک، بیجنگ، ہانگ کانگ، ٹوکیو، سنگاپور اور سڈنی میں شاخیں ہیں اور تقریباً 150 سال سے فلم، کھیل، تاریخ اور سیاست سے وابستہ اہم شخصیات کے مجسمے اس کے عجائب گھروں میں رکھے جاتے ہیں۔